کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی زرعی شعبہ میں انقلاب برپا کرے گا

منگل 28 مارچ 2017 22:54

کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی زرعی شعبہ میں انقلاب برپا کرے ..
اوکاڑہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان کی معاشی ترقی براہ راست زراعت کی ترقی سے جڑی ہے ،کاشتکاروں کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی، کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی ،کھادوں پر سبسڈی ،پختہ کھالہ جات کے منصوبے اور سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی اس شعبہ میں انقلاب برپا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، حکومتی ہدایات کی روشنی میں تمام بینکس،سرکاری ادارے کاشتکاروں کی راہنمائی اور مدد کے لئے ہمی وقت تیار ہیں، کاشتکاروں کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لئے ان کی معاونت ،راہنمائی اور قرضہ جات کی فراہمی کے لئے تمام مراحل کو آسان تر بنایا گیا ہے ،ان خیالات کا اظہار سٹیٹ بنک آف پاکستان کے زیر اہتمام کسانوں کی مالیاتی آگاہی پروگرام کے سلسلہ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کمرشل بینکوں اور کسان تنظیموں کے نمائندوں نے کیا ،اس موقع پر تمام بینکوں ،زراعت سے وابستہ سرکاری اداروں اور کسان تنظیموں نے کاشتکاروں کی آگاہی کے لئے سٹالز بھی لگائے گئے،سیمینار سے مالیاتی ماہرین ،بینکرز اور زرعی ماہرین نے کاشتکاری کے شعبہ کو منافع بخش سیکٹرز میں تبدیل کرنے ،کاشتکاروں کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لئے آسان قرضہ جات کی سہولت اور طریقہ کار زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور زرعی مارکیٹنگ کے لئے بینکوں کی معاونت سے متعلق مقالہ جات پیش کئے ۔