شیخوپورہ حادثہ ،ریلوے حکام نے ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں اسٹیشن ماسٹر کو ذمہ دار قرار دیدیا

گیٹ مین نے اسٹیشن ماسٹر کو پھاٹک پر ٹینکر کے پھنسے ہونے کی بروقت اطلاع دی تھی ،جائزہ لے رہے ہیں‘حکام/نجی ٹی وی حادثے کے سبب خراب ہونے والے ٹریک کو بھرپور کوششوں کے بعد ٹرینوں کی آمدروفت کیلئے بحال کر دیا گیا

منگل 28 مارچ 2017 22:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) شیخوپورہ میں ریلوے حکام نے ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی جس میں اسٹیشن ماسٹر کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیدیا گیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گیٹ مین نے اسٹیشن ماسٹر کو پھاٹک پر ٹینکر کے پھنسے ہونے کی بروقت اطلاع دی تھی جس پر اب یہ پتہ چلایا جا رہا ہے کہ اسٹیشن ماسٹر نے لاہور انتظامیہ کو ٹرین روکنے کی درخواست کی تھی یا نہیں۔

ریلوے حکام نے واضح کیا ہے کہ ابھی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے اس لیے اسے حتمی رپورٹ نہ سمجھا جائے، تحقیقات مکمل اور حقائق سامنے آنے میں 24 سے 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں اور تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد جلد حکام کو پیش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ٹرین حادثے میں گیٹ کیپر کا بیان سب سے اہم ہے جو ریلوے حکام کی حفاظتی تحویل میں ہے جبکہ میڈیا سے گفتگو میں گیٹ مین بتا چکا ہے کہ اس نے کیبل مین کو آئل ٹینکر کے بارے میں بتا دیا تھا۔

دوسری طرف شیخوپورہ کے اسٹیشن ماسٹر کا کہنا ہے کہ اسے ٹینکر کا پتہ تب چلا جب ٹرین اسٹیشن سے گزر چکی تھی۔واضح رہے لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس شیخوپورہ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ریلوے پھاٹک پر پھنسے آئل ٹینکر سے ٹکراگئی تھی جس سے ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگ گئی جبکہ حادثے میں ٹرین کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق ہو گئے تھے ۔علاوہ ازیں ریلوے نے حادثے کے سبب خراب ہونے والے ٹریک کو بھرپور کوششوں کے بعد ٹرینوں کی آمدروفت کے لئے بحال کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :