کراچی کے ڈاکو اور پانامہ کے چور ایک جگہ جمع ہوچکے ہیں،وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو

منگل 28 مارچ 2017 22:35

کراچی کے ڈاکو اور پانامہ کے چور ایک جگہ جمع ہوچکے ہیں،وزیر بلدیات سندھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی کے ڈاکو اور پانامہ کے چور ایک جگہ جمع ہوچکے ہیں، کراچی کے ڈاکو ایم کیو ایم اور پانامہ کے چور نون لیگ والوں کو کراچی میں میگا پروجیکٹ اچھے نہیں لگ رہے ہیں اور وہ مل کر شور مچا رہے ہیں۔ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حوالے سے عدلیہ نے صرف تحفظات کا اظہار کیا ہے، جس کو قانونی طریقے سے دیکھا جائے گا۔

کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے پنجاب میں سیاسی طوفانی دوروں اور ڈیرے نے ایم کیو ایم اور نون لیگ کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔کراچی میں میگا پروجیکٹ کے شروع ہونے سے ایم کیو ایم اور پانامہ کے چوروں کو تکلیف ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے مختلف اضلاع میں واپڈا کی جانب سے گرمیوں کے آغاز میں ہی 18 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کے مترادف ہے۔

سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافیوں پر عوامی احتجاج شروع ہوا تو منتخب نمائندے بھی اس احتجاج میں شامل ہوں گے۔سندھ کے وسائل بالخصوص گیس پر سندھ کی بجائے پنجاب کو سیاسی طور پر نوازنے کی نون لیگ کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ لاہور میں صفائی کے کام کا جو ٹھیکہ شہباز شریف نے دوگنی قیمت میں دیا ہے ہم نے کراچی میں اس سے آدھی قیمت میں چائنا کی کمپنی کو دے کر کام شروع کردیا ہے۔

نواز شریف کے اس سے قبل سندھ کے دورے کے دوران کئے گئے کھوکھلے اعلانات سے اب سندھ کی عوام اچھی طرح واقف ہوچکی ہے۔تھرپارکر میں اربوں کے پیکچ کا اعلان کرنے والے نواز شریف سندھ کے عوام کو جواب دیں کہ وہ فنڈز کہاں ہیں۔ سڑکیں، موٹر وے اور میٹرو بسیں چلا کر اربوں کی چوری اور ڈکیتی کرنے والے میاں برادران کو سندھ کے ساتھ ساتھ ملک کے عوام بھی اچھی طرح جان چکیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کے روز جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ جام خان شورو نے کہا کہ کراچی میں میگا پروجیکٹ کے شروع ہونے سے ایم کیو ایم اور پانامہ کے چوروں کو تکلیف ہورہی ہے۔جام خان شورو نے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حوالے سے عدلیہ نے صرف تحفظات کا اظہار کیا ہے، جس کو قانونی طریقے سے دیکھا جائے گا۔کراچی کے دو اضلاع میں صفائی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور جلد اس کا دائرہ سندھ تک وسیع کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ڈاکوئوں نے آج تک صرف کراچی کو لوٹا ہے۔ماضی میں 300 ارب سے زائد کا فنڈز ایم کیو ایم کے ڈاکوئوں نے لوٹ کھسوٹ کرکے شہر کو تباہ کردیا ہے۔ جام خان شورو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی میں پانی اور سڑکوں کے مسائل حل کرنے کا آغاز کردیا ہے اور صفائی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔کراچی کے ڈاکو ایم کیو ایم اور پانامہ کے چور نون لیگ والوں کو کراچی میں میگا پروجیکٹ اچھے نہیں لگ رہے ہیں اور وہ مل کر شور مچا رہے ہیں۔

جام خان شورو نے مزید کہا کہ آج سندھ میں گیس، بجلی اور پانی کے شدید بحران کی اصل ذمہ دار وفاقی حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے کئی اضلاع میں موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی 18 گھنٹے کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور واپڈا کی جانب سے سندھ کے عوام کو روز بروز مشکلات میں دھکیلا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر سندھ میں واپڈا کی جانب سے 18 اٹھارہ گھنٹوں کی بجلی بندش کا فوری نوٹس لے بصورت دیگر سندھ کے عوام کی جانب سے اس کے ردعمل میں شروع ہونے والے احتجاج میں سندھ کے منتخب نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

انہوں نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں درجنوں گیس کی فراہمی کے منصوبوں کے سیاسی اعلان پر بھی نون لیگی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج سندھ صوبہ ملک کا 70 فیصد سے زائد گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے اور یہاں نئے کنکشنز پر وفاق نے پابندی عائد کررکھی ہے جبکہ وہ سندھ کی گیس پر پنجاب میں سیاست کرنا چاہ رہے ہیں ایسا ہرگز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جام خان شورو نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور ان کی پارٹی سندھ کو 4 سال تک بھول گئی تھی اور اب انتخابات کے قریب آتے ہی ان کو سندھ اور یہاں کے عوام یاد آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں قیام امن سندھ حکومت ہی کی مرہون منت ہے اور اس کا سہرا اپنے سر سجانے والے نون لیگی قائدین اور رہنماء بتائیں کہ آج تک انہوں نے قیام امن کے لئے سندھ میں کیا اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگی قیادت آج کراچی میں 50 ارب سے زائد کے سندھ حکومت کے فنڈز سے جاری ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے لاہور اور پنجاب بھر میں طوفانی دوروں اور ان کے سیاسی ڈیروں نے انہیں پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ جام خان شورو نے کہا کہ کراچی میں صفائی ستھرائی پر تنقید کرنے والے نون لیگی قائدین اور ان کے کرپٹ وزراء عوام کو بتائیں کہ صوبہ پنجاب کا بجٹ ایک شہر کے کچھ علاقوں میں لگا کر جنوبی پنجاب اور دیگر شہروں کے عوام کے ساتھ ناانصافیاں کیوں کی جارہی ہیں۔

جام خان شورو نے کہا کہ شہباز شریف پورے صوبے کا بجٹ صرف لاہور کے چند علاقوں میں سڑکیں بنا کر جنوبی پنجاب اور دیگر پنجاب کے شہروں اور عوام کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں۔ ترقیاتی کام اس کو نہیں کہتے کے اربوں کے منصوبے بنا کر صرف کڑوروں کی میٹرو بسیں اور سڑکیں بنا کر کمیشن کھایا جائے۔ جام خان شورو نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں قیام امن اور یہاں صفائی ستھرائی کے لئے وفاق سے نہیں بلکہ خود اپنے بجٹ سے کام شروع کئے ہیں۔آج بھی کراچی میں 50 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبے سندھ حکومت اپنے بجٹ سے کررہی ہے۔