اولیائے کرام اور بزرگ ہستیوں کی سرزمین سندھ کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا،سندھ کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنا دیا گیا ہے ، حکومت اور ریاستی ادارے ان کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی کرنے کو تیار نہیں، سندھ میں دہشت گرد بمبار تیار کئے جا رہے ہیں جو مستقبل میں سندھ کے لئے خطرناک ثابت ہوں گے

مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری مقصود احمد ڈومکی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 28 مارچ 2017 22:35

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور سندھ کے صوبائی صدر مقصود احمد ڈومکی نے کہا ہے کہ صوفیوں ، اولیائے کرام اور بزرگ ہستیوں کی سرزمین سندھ کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اورسندھ کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنا دیا گیا ہے ۔سندھ میں ان کے ٹھکانے اور ٹریننگ کیمپ قائم کئے جارہے ہیں ۔

حکومت اور ریاستی ادارے ان کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی کرنے کو تیار نہیں۔ ان کی جانب سے سندھ میں دہشت گرد بمبار تیار کئے جا رہے ہیں جو مستقبل میں سندھ کے لئے خطرناک ثابت ہوں گے ۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار گائوں شہدادپور کے قریب گائوں بچل بودانی میں مدرسہ دانشگاہ کے پرنسپل سید ثمر حسین نقوی اور زوار منظور علی تھہیم کی جانب سے رکھے گئے تنظیمی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سندھ کو وانا یا وزیرستان نہ بنایا جائے ۔ سیہون شریف ، شکارپور اور جیکب آباد واقعہ کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز ہوجانا چاہئے تھا ۔ دہشت گرد بارڈر کراس کر کے یہاں آتے ہیں ان کو روکنے کے لئے کوئی کوشش نہیں کی گئی ۔ رینجرز اور پولیس ان کے خلاف آپریشن کر کے ان کے ٹھکانے ختم کریں ۔ انھوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی نے 94 مدرسوں میں دہشت گردی کی نشاندہی کی مگر ان دہشت گردوں کی تربیت گاہوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کوئی کاروائی نہ ہو سکی ۔

ان کے خلاف کاروائی نہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ یہ دہشت گرد حکومت سے بھی زیادہ طاقتور ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے کہ 40 ۔دن گزر جانے کے باوجود سیہون شریف واقعہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا گیا ہے اور نہ ہی شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کی داد رسی کی گئی ۔ہم حکومتی نااہلی کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین ردالفساد آپریشن کی حمایت کرتی ہے ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :