مارکیٹ میں ٹما ٹر 75 روپے فی کلو گرام فروخت کیے جا رہے ہیں ، زائد قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں‘ بلال یاسین

ٹماٹر کی عارضی کمی کو پورا کرنے کے لیے سندھ سے مزید ٹرک منگوائے گئے ہیں، برائلر کی قیمت میں اضافہ قابل قبول نہیں‘وزیر خوراک کی پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے میٹنگ ، اجلاس میں برائلر کی قیمت کنٹرول کرنے پر زور کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کا ہنگامی اجلاس طلب ، ٹماٹر اور برائلر کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری

منگل 28 مارچ 2017 22:18

مارکیٹ میں ٹما ٹر 75 روپے فی کلو گرام فروخت کیے جا رہے ہیں ، زائد قیمت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں75 روپے فی کلو گرام کے حساب سے ٹماٹر کی فروخت کویقینی بنایا جائے گا، عارضی کمی کو پورا کرنے کے لیے سندھ سے ٹماٹر کے مزید ٹرک منگوائے گئے ہیں ، زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، برائلر کی قیمت میں اچانک اضافے کو جلد کنٹرول کر لیا جائے گا،اس سلسلے میں پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے غورو فکر کے لیے وقت مانگا ہے۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ساتھ برائلر کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے میٹنگ کی۔اجلاس میں مرغی کے گوشت کی فی کلو گرام قیمت میں اچانک اضافے اور مارکیٹ میں سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ برائلر کی قیمت میں اچانک اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

پولٹری ایسوسی ایشن کو مارکیٹ میں طلب و رسد اور پیداوار کو مد نظر رکھتے ہوئے برائلر کی قیمت میں کمی کو یقینی بنانا ہوگا ۔ تاکہ لوگوں کو ریلیف مہیا کیا جاسکے ۔ اُنہوں نے پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو مارکیٹ میں مرغی کی زائد قیمت پر فروخت سے آگاہ کیا۔ پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے صوبائی وزیر کو پولٹری کی پیداوار میں درپیش مسائل ، شادیوں کے سیزن اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

ایسو سی ایشن کے عہدیداران نے برائلر کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جلد لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے وقت مانگا۔ اُنہوں نے صوبائی وزیر کو مارکیٹ میں برائلر کی سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے اور مرغی کے وزن کو کنٹرول کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اجلاس میں سیکرٹری لائف سٹاک نسیم صادق ، سیکرٹری انڈسٹریز مجتبیٰ پراچہ ، ڈی جی انڈسٹریز خالد عظیم ، ڈاکٹر عبدالکریم ممبران پولٹری ایسوسی ایشن، رائے منصب علی اور آغا خورشید نے شرکت کی۔

قبل ازیں ٹماٹر اور برائلر کی قیمتوں میں کنٹرول کے حوالے سے گذشتہ رات وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں برائلر ، ٹما ٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ٹماٹر کی قیمت کو 75 روپے فی کلو فروخت کرنے اور مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ کو کنٹرول کرنے پر زور دیا گیا ۔ اجلاس میں سندھ سے ٹماٹر کے مزید ٹرک منگوانے اورمارکیٹ سپلائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :