پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر،امیر البحرکا بہترین جنگی تیاری بر قرار رکھنے پر زور

کانفرنس میں آپریشنل تیاریوںسے متعلقہ اُمور، سیکیو رٹی کی موجودہ صورتحال اور پاک بحریہ کے ترقیاتی منصو بو ںکا جائزہ چیلنجز سے بھر پوربدلتے ہوئے سکیورٹی کے موجودہ حالات اور پیچیدگیوں کے تناظر میں پاک بحریہ بحرِ ہند میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،نیول چیف ایڈمرل محمد ذکا اللہ کاپاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے سلسلے میں پاک بحریہ کے عزمِ صمیم اور جذبے کا اعادہ

منگل 28 مارچ 2017 22:06

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر،امیر البحرکا بہترین ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس منگل کو اسلام آباد میں اِختتام پزیر ہوگئی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔کانفرنس کے دوران آپریشنل تیاریوںسے متعلقہ اُمور، سیکیو رٹی کی موجودہ صورت حال اور پاک بحریہ کے ترقیاتی منصو بو ںکا جائزہ لیا گیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصو بہ جات پر تفصیلی بریفنگز دی گئیں۔ سیکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اِ س عزم کا اعادہ کیا کہ چیلنجز سے بھر پوربدلتے ہوئے سکیورٹی کے موجودہ حالات اور پیچیدگیوں کے تناظر میں پاک بحریہ بحرِ ہند میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے سلسلے میں نیول چیف نے پاک بحریہ کے عزمِ صمیم اور جذبے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام کمانڈرزپر زور دیا کہ جنگی تیاریوں کا اعلیٰ معیار بر قرار رکھیں اور مستعد رہیں۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے کراچی میں---" -امن 2017 ''مشقوںکے کامیاب انعقاد پر تمام فیلڈ کمانڈرز کی کاوشوں کو سراہا، ان مشقوں میں 37ممالک نے اپنے اثا ثوں اور مندوبین کے ساتھ شرکت کی جو کہ علاقائی اور عالمی ممالک کے پاکستان پر بھر پور اعتماد کی دلیل ہے۔

ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے پاک بحریہ کی جانب سے زمین سے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل میزائل کے کامیاب تجربے کو بھی سراہا اور کہاکہ ہتھیاروں کے اِ س نظا م سے پاک بحریہ کا آپریشنل دائرہ کار وسیع ہوا ہے اور ملکی بحری دفاع میں زمین سے دور تک بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی پاک بحریہ کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کے جائزے کے علاوہ، کانفرنس کے شرکاء نے پاک چین اقتصادی راہداری کے سمندر ی امور اور گوادر پورٹ کے دفاع کے حوالے سے تر جیحات پر بھی تبادلہء خیال کیا۔