وزیراعظم کا حیدرآباد کیلئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان خوش آئند ،جیسے جیسے انتخابات نزدیک آرہے ہیں،سیاسی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے،فوجی عدالتوں سے دہشتگردی میں کمی آسکتی ہے،افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان کی میڈیا سے گفتگو

منگل 28 مارچ 2017 22:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کا حیدرآباد کیلئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے، جیسے جیسے انتخابات نزدیک آرہے ہیں،سیاسی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے،فوجی عدالتوں سے دہشتگردی میں کمی آسکتی ہے،افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومتی جماعت ہے ان کے پاس وسائل کی کمی نہیں وزیراعظم نے حیدرآباد دورے کے موقع پر ایک ارب روپے مختلف ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا جو خوش آئند ہے اس سے عوام کے کچھ مسائل حل ہوں گے،مسلم لیگ ن حکومتی جماعت ہوتے ہوئے ترقیاتی پیکج کا جو اعلان کر رہی ہے اس پر عمل بھی ہونا چاہیے،یہ نہ ہو کہ ترقیاتی پیکج کا اعلان صرف اعلان تک محدود رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حیدرآباد کے نوجوانوں کیلئے یونیورسٹی کا اعلان کیا ہے جس سے حیدرآباد کے نوجوانوں کو مقامی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسرآئیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح انتخابات نزدیک آرہے ہیں اس طرح انتخابات کی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے سیاسی رہنما ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہتے ہیں یہی تو جمہوریت کا حسن ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے دہشتگردی میں کسی حد تک کمی ضرور آئے گی خاتمہ نہیں ہوسکے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے افغانستان کیلئے بارڈر کھول اچھا کیا اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے اگر افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ اچھا برتائو کرنا ہوگا تاکہ دونوں کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوسکیں گے۔…(خ م+ار)