وزیراعظم کی طرف سے حیدرآباد کیلئے یونیورسٹی اور ہسپتال کے قیام کا اعلان خوش آئندہے ، پیپلزپارٹی کی حکومت میں صوبہ کے دونوں بڑے شہروں کو نظرانداز کیا گیا،وزیراعظم کے حیدرآباد کیلئے ترقیاتی پیکیج سے پسماندگی دور ہوگی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما سینیٹر محمد علی سیف کی میڈیا سے گفتگو

منگل 28 مارچ 2017 22:06

وزیراعظم کی طرف سے حیدرآباد کیلئے یونیورسٹی اور ہسپتال کے قیام کا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے مرکزی رہنما سینیٹر محمد علی سیف نے وزیراعظم کی طرف سے حیدرآباد کیلئے یونیورسٹی اور ہسپتال کے قیام کا اعلان خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں صوبہ کے دونوں بڑے شہروں کو نظرانداز کیا گیا،وزیراعظم کے حیدرآباد کیلئے ترقیاتی پیکج سے پسماندگی دور ہوگی۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مرکز اور صوبہ پنجاب میں آئندہ انتخابات میں دوبارہ آنا چاہتی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی خواہش ہے کہ وہ سندھ کے علاوہ پنجاب سے بھی آئندہ عام انتخابات میں کچھ نشستیں ضرور حاصل کرے ان دونوں بڑی جماعتوں کی لڑائی سے اگر عوام کو فائدہ پہنچتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں وزیراعظم نے حکومت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ سندھ کا رخ کیا اس سے قبل ٹھٹھہ میں بھی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ حیدرآباد سے یونیورسٹی اور ہسپتال کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے،وزیراعظم کے دورہ سندھ سے عوام کی اور سندھ کی کسی حد تک پسماندگی کو دورہ کیا جاسکے گا جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کی شروعات سے سندھ کے عوام کو خوش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے جنرل راحیل شریف کو اسلامی ممالک کے اتحاد کی فوج کا سربراہ بننے پر کہا کہ یہ پاکستان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے سابق آرمی چیف 39ممالک کی فوج کے سربراہ بننے جارہے ہیں،اس اتحاد میں تمام اسلامی ممالک کا ہونا ضروری ہے اگر ایران کو اس اتحاد میں شامل نہ کیا گیا تو اس کے اثرات دوسرے ممالک پر بھی پڑسکتے ہیں۔…(خ م+ار)

متعلقہ عنوان :