نئے 88مانیٹرنگ اسسٹنٹس سے سکولوں کی مانیٹرنگ میں بہتری آئے گی،قمرالاسلام راجہ

منگل 28 مارچ 2017 22:03

لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء)پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے مانیٹرنگ اینڈایویلیو ایشن اسسٹنٹس کی تربیتی ورکشاپ کے دوسرے روز 88نئے آنے والے اسسٹنٹس کو مانیٹر نگ اینڈ ایویلیو ایشن ڈیپارٹمنٹ نے ٹیبلٹس پرموثر اور منظم مانیٹرنگ کے قاعدوں پر پیف کے سکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے کی تازہ ترین فیچرز پر مشق کروائی ۔

اس تربیتی ورکشاپ میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے چیئرمین انجینئر قمرالاسلام راجہ نے نئے اسسٹنٹس کو پیف میں خوش آمدید کہا ۔ چیئرمین پیف انجینئر قمرالاسلام راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر مانیٹرنگ سٹاف کی شمولیت سے پیف کا مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ڈیپارٹمنٹ مزید فعال ہونے کے ساتھ مانیٹرنگ کے معیار میں مزید اضافہ ہواہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مانیٹرنگ اینڈایویلیو ایشن اسسٹنٹس کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ذاتیات سے بالا تر ہوکر عدل و انصاف کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوئے سکولوں کے خلاف شکایات کی انکوائری میں توازن کے ساتھ معاملات کو جانچ اور پرکھ کر رپورٹ کریں،تربیتی ورکشاپ کے پہلے روز مینیجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے نئے DMEAs کی شمولیت کو پیف کے لیے خوش آئیند قراردیا اور انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن اسسٹنٹس کے توسط سے صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں پیف پارٹنر سکولوں سے مسلسل رابطہ استوار ہوگیاہے،پبلک سروس ڈیلیوری ہمارا مقصد ہے اس لیے سکول وزٹ کے دوران آپ نے حوصلہ اور تحمل سے کام کرناہے تاکہ سکولوں میں قواعد و ضوابط پر عمل در آمد کروایا جاسکے۔