ضلع بونیر کی ترقی پر اربوں روپے خرچ ہورہے ہیں،صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن

منگل 28 مارچ 2017 21:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر زکواة و اوقاف اور مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ وہ سیاست برائے تجارت کی بجائے سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور یہی اُنکی سیاست کا محور ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بونیر میں گزشتہ تین سالوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء ہوا ہے اور انشاء الله خوشحالی کی سکیموں کا عمل ان کی جدوجہد سے ضلع میں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع بونیر میں اپنی رہائش گاہ پر یونین کونسل گُل بانڈئی علاقہ چغرزئی کے ایک پچاس رُکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔حاجی حبیب الرحمن نے کہا کہ ماضی کے منتخب نمائندوں کے برعکس انہوں نے ہمیشہ سیاسی مفادات اور وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی کی خدمت کی ہے اور ترقیاتی سکیموں کے اجراء میں کسی مخصوص گھرانے یا طبقے کو نوازنے کی بجائے عام لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اُسکے جتنے بھی جائز مطالبات اور مسائل ہیں اُنہیں وسائل میں رہتے ہوئے حل کیا جائے گا۔انہوں ن وفد کے اراکین کو تاکید کی کہ وہ اپنے فروعی اختلافات بُھلا دیں اور علاقے کی مجموعی ترقی کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں ۔ وفد نے صوبائی وزیر کا اُنکے مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اوراُنہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔