خواتین رول ماڈلز کو محروم خواتین کی کامیابی کیلئے حوصلہ افزائی کرنی چاہیئی: ماروی میمن

منگل 28 مارچ 2017 21:46

خواتین رول ماڈلز کو محروم خواتین کی کامیابی کیلئے حوصلہ افزائی کرنی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) خواتین کی بااختیاری اور صنفی مساوات موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ طویل مدتی نیشنل پلانگ فریم ورک وژن2025کے مطابق پلاننگ اور ڈویلپمنٹ کے تمام شعبوں میں خواتین کی بااختیاری اور لڑکیوں کی تعلیم بہت اہم ہے۔ یہ فریم ورک وزیر اعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق ہر خاتون کو معاشی اور سماجی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہونے کیلئے مکمل مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکو ز کر تا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن نے پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن(PAGE)کے اقدام "Aim High"کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔PAGEصنفی تفریق اور پاکستان میں وسیع تر تعلیمی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے کام کرنے والا ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

"Aim High"اس ادارے کا ایسا اقدام ہے جو خواتین رول ماڈل کے تجربات سے رہنمائی حاصل کرنے کیلئے نوجوان لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

اس اقدام کے تحت ، کیرئیر پلاننگ اور اعلی تعلیم پر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ مختلف کالجوں میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں خواتین رول ماڈلزنوجوان لڑکیوں کو اپنی کامیابیوں کی کہانیاں سنائیں گی۔ چیئرپرسن ماروی میمن نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ماڈل سوشل سیفٹی نیٹ ہے خواتین کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی بااختیاری کیلئے ایک منفرد پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

بی آئی ایس پی نے اپنے "Sisters in Success"اور "BISP empowers talk"اقدام کے تحت کئی رول ماڈل خواتین کو اپنی مستحق خواتین سے ملاقات کیلئے مدعو کیا۔ ان ملاقاتوں نے مستحقین کو اس قابل کیا کہ وہ ان خواتین کے تجربات سے متاثر ہوں، ان میں امید اور حوصلہ اجاگر ہوا اور وہ صحیح معنوں میں غربت سے باہر نکلنے اور بااختیار بننے کیلئے پُر امید نظر آئیں۔ محترمہ ماروی میمن نے کہا کہ بی آئی ایس پی صرف5.4ملین خواتین کو مالی معاونت ہی نہیں فراہم کرتا بلکہ ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش بھی کررہا ہے جہاں خواتین کی عزت کی جائے، وہ آزاد اور خود مختار ہوں۔

بااختیار خواتین کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ معاشی اور سماجی طور پر کمزور خواتین کی حوصلہ افزائی کریں۔ بی آئی ایس پی نے پاکستان بھر میں 50,000بی آئی ایس پی بینیفشری کمیٹیاں (BBCs) قائم کیں جو خواتین کو ان کے مسائل بیان کرنے اوراہم مسائل پر انکی رہنمائی کرنے کیلئے ایک اہم فورم مہیا کرتا ہے۔چیئرپرسن نے PAGEکو دعوت دی کہ وہ پاکستان کی پسماندہ خواتین تک رسائی حاصل کرنے اور"Aim High"اقدام کو بی آئی ایس پی مستحقین تک پھیلانے کیلئے بی آئی ایس پی کے منفرد پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کریں۔

افتتاحی تقریب میں محترمہ سحرش قمر(رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر)، ظفر قادر (ٹرسٹی اینڈ چیئرمین تعلیم فائونڈیشن)، فجر رابعہ پاشا (ایگزیکٹو ڈائریکٹر PAGE)، سلیم رانجھا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :