ایگزیٹ کے پانچ افسران کا نام ای سی ایل سے نکالنے کامعاملہ

جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت داخلہ کے حکام کو ثبوت لانے کیلئے آخری موقع دے دیا

منگل 28 مارچ 2017 21:35

ایگزیٹ کے پانچ افسران کا نام ای سی ایل سے نکالنے کامعاملہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) ایگزیٹ کے پانچ افسران کا نام ای سی ایل سے نکالنے کامعاملہ،جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت داخلہ کے حکام کو ثبوت لانے کیلئے آخری موقع دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ایگزیٹ کے پانچ افسران کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے کیس کی سماعت اسلام آبادہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے سیکرٹری داخلہ کو آج تک ثبوت لانے کا وقت دیتے ہوئے کہاکہ کوئی وجہ یا ثبوت دے دیں کہ نام ای سی ایل سے کیوں نہیں نکال رہے، کل تک وقت ہے ثبوت لائیں نہیں تونام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دوں گا، جس پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شیرافگن خان نے عدالت کو بتایاکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے، مجھے اس حوالے سے زیادہ معلومات نہیں،جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے وزارت داخلہ کے حکام کو آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایگزیٹ کی ڈایریکٹر عائشہ شیخ سمیت پانچ عہدیداران نے ای سی ایل میں نام ڈالے جانے کے خلاف رٹ دائر کر رکھی ہے ۔ اس سے قبل عدالت نے سیکریڑی داخلہ کی غیر حاضری پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری داخلہ گیارہ بجے تک عدالت آئیں نہیں توتوہین عدالت کی کاروائی کریں گے، عدالت اپنے فیصلے پر عمل درآمد کرانا جانتی ہے۔عدالت کی ڈپٹی اٹارنی جنرل کوہدایت کی کہ سیکریڑی داخلہ کو عدالت کا پیغام پہنچا دیں۔ تاہم ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی عدالت میں حاضری پر دوبارہ کیس کی سماعت کی گئی۔( مہر علی خان)

متعلقہ عنوان :