دہشتگردی کا قلع قمع،بچوں کو معیاری تعلیم اور محفوظ ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، مریم اورنگزیب

وزیراعظم کی تعلیمی اصلاحات کے تحت تعلیم اور سکولوں کی سیکورٹی میں بہتری آرہی ہے جس کے معاشرے پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے، وزیر مملکت برائے اطلاعات حکومت تعلیمی اصلاحات پر سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے، میڈیا ایک مضبوط ہتھیار کی حیثیت سے معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ایمانداری کے ساتھ ادا کرتا رہے گا،خطاب

منگل 28 مارچ 2017 21:20

دہشتگردی کا قلع قمع،بچوں کو معیاری تعلیم اور محفوظ ماحول کی فراہمی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا قلع قمع،بچوں کو معیاری تعلیم اور محفوظ ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے،وزیراعظم کی تعلیمی اصلاحات کے تحت تعلیم اور سکولوں کی سیکورٹی میں بہتری آرہی ہے جس کے معاشرے پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں وفاقی دارالحکومت میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم ای) کے زیر اہتمام پاکستان سکول سیفٹی فریم ورک کانفرنس سے اپنے خطاب میں کیا۔

وزیرمملکت نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے تاہم اس ناسور کے باوجود پاکستانی قوم بہتر مستقبل کیلئے پرعزم ہے اور مضبوط عزم کا نتیجہ ہے کہ آج ملک دہشتگردی کے خاتمے اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے تعلیمی اداروں کو بھی نشانہ بنانے سے گریز نہ کیا تو حکومت نے سکولوں کی سیکورٹی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مناسب حکمت عملی اپنائی اور مناسب ہوم ورک کے بعد پاکستان سکول سیفٹی فریم ورک کی تشکیل دی جس پر گزشتہ ساڑھی3سال کے دوران بہت کام ہوا اور اسی کام کا نتیجہ ہے کہ اسلام آباد کے سکولوں کی سیکورٹی حالات میں واضح بہتری آئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سکولوں کی سیکورٹی کیلئے متعلقہ شعبوں کے افسران کو مقرر کیا گیا ہے اور ہر سکول کے اندر سکول مینجمنٹ کمیٹی بنائی گئی ہے جبکہ وزیراعظم تعلیمی اصلاحات فنڈز میں سیکورٹی فریم ورک کیلئے رقم بھی مختص کی گئی ہے جسے سیکورٹی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔اس فریم ورک پر عمل کے نتیجے میں ابتدائی طور پر اسلام آباد کی422سکولوں کی سیکورٹی صورتحال میں بہتری لائی گئی ہے اور وژن 2025ء میں بھی تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت تعلیمی اصلاحات پر سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی کے ذریعے سکولوں کی سیکورٹی کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں تاہم اسلام آباد کی طرح دیگر صوبوں کو بھی تعلیمی اصلاحات پر عمل کرنا چاہئے تاکہ بچوں کو بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر اور محفوظ ماحول بھی فراہم کیا جاسکے۔وزیرمملکت نے کہا کہ میڈیا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت نے مختلف شعبوں میں جو انقلابی اقدامات کئے ہیں ان کو فروغ دینے اور کامیابی سے ہمکنار کرنے میں بھی میڈیا نے اپنی ذمہ داری ایمانداری کے ساتھ نبھائی،ہمیں توقع ہے کہ میڈیا ایک مضبوط ہتھیار کی حیثیت سے معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ایمانداری کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے صحافی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوازشریف نہ صرف تیسری بار منتخب ہوئے بلکہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں اور ان کو دیگر صوبوں کی طرح سندھ بھی عزیز ہے۔وزیراعظم نے پورے ملک میں جگہ جگہ ترقیاتی کام شروع کر رکھے ہیں جن کے ملک کی سماجی،معاشی اور سیاسی حالات پر انتہائی مثبت اثرات پڑیں گے،سیاست اور کارکردگی کو الگ نہیں کیا جاسکتا،بہتر کارکردگی ہی مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کا راز ہے۔

مسلم لیگ(ن) کاعزم نوازشریف کی قیادت میں لوگوں کی خدمت کرنا ہے اور ہم اپنی فرقہ ذمہ داری ایمانداری کے ساتھ نبھا رہے ہیں۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ میاں شہبازشریف صوبے میں ترقی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نہ صرف ان کے صوبے کے عوام ان کے ساتھ محبت رکھتے ہیں بلکہ دیگر صوبوں کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ ان کے وزرائے اعلیٰ بھی میاں شہبازشریف کی طرح ان کی خدمت کریں۔(ولی)

متعلقہ عنوان :