پنجاب پولیس میں نئی پروموشن پالیسی کے تحت 13ہزار کانسیٹبلز کو اگلے گریڈ میں بطور ہیڈ کانسٹیبل ترقی دی جائیگی‘ مشتاق سکھیرا

دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں و افسران کے امدادی پیکج کو ڈبل کرنے کے ساتھ پانچ مرلے گھر ،بچوں کی تعلیم اور میڈیکل کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ‘ا ٓئی جی پنجاب کا خطاب

منگل 28 مارچ 2017 20:53

پنجاب پولیس میں نئی پروموشن پالیسی کے تحت 13ہزار کانسیٹبلز کو اگلے گریڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتا ق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس درخشاں روایات کی امین ہے جس نے فرض کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے ، امن و امان قائم رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق محفوظ اور پر امن پنجاب کا جو پروگرام شروع کیا وہ کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز راولپنڈی میںمنعقد کئے گئے اپنے الوداعی دربار کے موقع پر پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دربار میں آر پی او راولپنڈی وصال فخر سلطان راجہ، کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ سہیل حبیب تاجک، سی پی او راولپنڈی اسراراحمد عباسی ،ڈی پی او اٹک زاہد علی مروت،ڈی پی او چکوال محمد ہارون جوئیہ،ڈی پی او جہلم عبدالغفار قیصرانی کے علاوہ اعلیٰ پولیس افسران ،جوانوں اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی پولیس لائن پہنچنے پر آئی جی پی پنجاب کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔آئی جی پی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ جو نیک نیتی سے کام کرتا ہے اسی کے خوابوں کی تعبیر ممکن ہوتی ہے ۔ پولیس کے پاس ایک اہم ترین فریضہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کا ہے ۔ اس لیے پولیس کسی بھی معاشرے کا ایک اہم ترین محکمہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام حفاظت کے علاوہ معاشرے میں امن و امان کی فضا ء قائم کرنا ہے۔ آئی جی پی پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے محکمہ پولیس اور تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے اہم اقدمات کیے اور شہدا کی فیملی کیلئے بہترین پیکج کی منظوری دی ۔ آئی جی پی پنجاب نے کہا کہ میں نے ہمیشہ میرٹ کی پالیسی کو فروغ دیا ہے اور آپ بھی آئندہ اس پالیسی پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔

پنجاب پولیس ایک بہترین فورس ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں اس فورس کا کمانڈر ہوں ۔انہوں نے تمام افسران کو نصیحت کی کہ ہمیشہ انصاف کا دامن تھام کر رکھیں تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ میں نے اپنی پوری سروس میں اصولوں پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ خلوص نیت سے محکمے کی فلاح و بہبود کیلئے میرٹ پر فیصلے کئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں نئی پروموشن پالیسی کے تحت 13ہزار کانسیٹبلز کو اگلے گریڈ میںبطور ہیڈ کانسٹیبل ترقی دی جائے گی جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں و افسران کے امدادی پیکج کو ڈبل کرنے کے ساتھ ساتھ ،پانچ مرلے کے گھر کے علاوہ بچوں کی تعلیم اور میڈیکل کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ٹرانسفر پوسٹنگ اور پروموشن کا عمل صرف میرٹ پر انجام پا رہا ہے ۔

اس موقع پر آر پی او راولپنڈی وصال فخر سلطان راجہ ، سی سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی سمیت دیگر افسران نے پنجاب پولیس میں بہتری کیلئے آئی جی پنجاب کے شاندار اقدامات اور قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا ۔ تقریب کے آخر میں آر پی او راولپنڈی نے آئی جی پی پنجاب کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔ سی پی او راولپنڈی اور دیگر اضلاع کے ڈی پی اوز نے یاد گاری تصاویر اور تحائف پیش کیے ۔ آئی جی پی پنجاب نے راولپنڈی پولیس لائن میں قائم یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی بعد ازاں پولیس لائن میں نئے ٹیوب ویل کا افتتاح بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :