اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50 روپے کا سکہ 31 مارچ سے جاری کرے گا

منگل 28 مارچ 2017 20:45

اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50 روپے کا سکہ 31 مارچ سے جاری کرے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) مرکزی بینک عبدالستار ایدھی کی یاد میں 31 مارچ سے 50 روپے کا سکہ جاری کرے گا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انسانیت کے لئے بالعموم اور پاکستانیوں کے لئے بالخصوص قابلِ تعریف خدمات کے پیش نظر وفاقی حکومت نے 15 جولائی 2016ء کو کابینہ کے اجلاس میں مرحوم عبدالستار ایدھی کی یاد میں ایک سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بعد ازاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ انسانیت کے لئے عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے۔ یہ یادگاری سکہ 31 مارچ 2017ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

50 روپے کے اس سکے کی دھاتی تفصیل، بناوٹ، اور ڈیزائن کے مطابق سکہ تانبے اور نکل سے بنا ہے جس میں تانبے کا تناسب 75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔

اس کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.50 گرام ہے۔ سکے کے سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں عبدالستار ایدھی کا سالِ وفات درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکے کی مالیت 50 اور اردو میں روپیہ لکھا ہے، اسی طرح سکے کے پچھلے رخ پر وسط میں عبدالستار ایدھی کا ایک رخی تصویری عکس ہے جس کی بالائی سمت میں عہدِ انسانیت عبدالستار ایدھی درج ہے۔ اس عکس کے نیچے عبدالستار ایدھی کا عرصہ حیات 1928-2016ء نیم دائرے کی صورت میں درج ہے۔

متعلقہ عنوان :