جمہوریت برائیوں کی جڑ ہے کیوں کہ اس کا تعلق مغرب سے ہے ، رہنماء پاک سرزمین پارٹی ڈاکٹر صادق الرحمان

منگل 28 مارچ 2017 20:25

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) پاک سرزمین پارٹی خیبر پختونخوا کے چیف آرگنائزرڈاکٹر صادق الرحمان خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوریت برائیوں کی جڑ ہے کیوں کہ اس کا تعلق مغرب سے ہے اور مغرب کے کسی بھی نظام میں ہمارے مسائل کا حل ناممکن ہے وہ منگل کو میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کا کام نالیوں کی تعمیر اور ٹرانسفارمر لگوانا نہیں بلکہ ان کا اصل کام قانون سازی کرنا ہے تعمیراتی کام بلدیاتی اداروں کا کام ہے لہٰذا تمام ترقیاتی کام بلدیاتی اداروں کے حوالے کیے جائیں اور ارکان پارلیمنٹ کو صرف قانون سازی تک محدود رکھا جائے ترقیاتی کام بلدیاتی اداروں کو سپرد کرنے سے کرپشن کا خاتمہ ہو سکتا ہے نچلی سطح پر بلدیاتی ارکان اپنے علاقے کے لوگوں کو جوابدہ ہوتے ہیں جبکہ اس کے برعکس عام لوگ ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی کاموں میں کرپشن کی نشان دہی تک نہیں کرسکتے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ،تعلیم اور صحت کے شعبے کو فروغ دینا ہمارا منشور ہے پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی چیئرمین مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی کی خصوصی ہدایت پر صوبہ خیبر پختونخوا میں ضلع کی سطح پر تنظیم سازی کا آغاز کردیا ہے جس کے بعد تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیمیں بنیں گی ڈاکٹر صادق الرحمان خٹک نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے سات اضلاع میں ضلعی تنظیمیں بن چکی ہیں اور انہوں نے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے جبکہ مردان اور صوابی میں تنظیم سازی کا عمل شروع ہے۔