جوان روایتی جنگ کے لئے مکمل تیار ہیں،آرمی چیف کا دشمن کو دوٹوک پیغام

آپریشن ردالفساد ہمارے ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا، دہشتگردی کیخلاف جنگ نے پاک فوج کو دینا کی بہترین فوج بنا دیا ہے، پاک فوج ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، پاک فوج کے جوان افسر میرا فخر اور فوج کی اصل طاقت ہیں، سیکیورٹی آپریشنز کے دوران قربانیاں دینے والے افسروں کو سراہتے ہیں جنرل قمر جاوید باجوہ کا بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور داخلی سیکیورٹی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،آئی ایس پی آر

منگل 28 مارچ 2017 19:35

جوان روایتی جنگ کے لئے مکمل تیار ہیں،آرمی چیف کا دشمن کو دوٹوک پیغام
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ردالفساد ہمارے ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا، دہشتگردی کیخلاف جنگ نے پاک فوج کو دینا کی بہترین فوج بنا دیا ہے، پاک فوج ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، پاک فوج کے جوان افسر میرا فخر اور فوج کی اصل طاقت ہیں، سیکیورٹی آپریشنز کے دوران قربانیاں دینے والے افسروں کو سراہتے ہیں۔

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں آپریشنل تیاریوں اور داخلی سیکیورٹی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں اور جاری سیکورٹی آپریشنز پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرافسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربے نے ہماری فوج کو سخت جان بنادیا ہے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس جنگ کے تجربے نے ہمارے فوجیوں کو روایتی جنگ کے لیے بہتر تیار کیا ہے ۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ملک کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ نے مسلح افواج کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے ۔انھوںنے کہاکہ آپریشن "ردالفساد" ملک میں دیرپا امن لائے گا، جوان روایتی جنگ کے لئے مکمل تیار ہیں، انہوں نے جوانوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہاکہ پاک فوج کے نوجوان افسر میرا فخر ہیں اور جوان فوج کی اصل طاقت ہیں۔

آرمی چیف نے فوج کی سطح پر جاری ہیلتھ کیئر،تعلیم اور معیار زندگی کے حوالے سے مختلف فلاحی کاموں میں فوجی جوانوں کے کردار کو سراہا ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بہاولپور کا بھی افتتاح کیا اور جوانوں کو تعلیم ،صحت کے منصوبے بارے آگاہی دی۔انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزبہاولپور میں 100ایم بی بی ایس سٹوڈنٹس کا پہلا بیج رواں سال اور 50سٹوڈنٹس کا بیج اگلے سال آئے ۔اس سے قبل کو ر کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔