حکومت پنجاب نے 4ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 7 ارب 39 کروڑ سے زا ئد کی منظوری دیدی

منگل 28 مارچ 2017 19:16

لاہو ر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2016-17 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 63 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی کل 4 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 7 ارب 39 کروڑ50 لاکھ 27 ہزار روپے کی منظوری دے دی۔

وہ منگل کو صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 63 ویں اجلاس کی صدارت کے دوران خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت۔

(جاری ہے)

صوبائی ورکنگ پارٹی کے 63ویں اجلاس میں جن 4 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع بہاولپور میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری بلاک کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 69 کروڑ 39 لاکھ 70 ہزار روپے، ضلع لاہور میں مناواں (رکھ چبلی) جی ٹی روڈ پر 100 بستروں پر مشتمل تحصیل سطح کا ہسپتال کے قیام کیلئے 67 کروڑ 63 لاکھ 32 ہزار روپے، ضلع میانوالی میں نالہ جبہ کی چینلائزیشن کیلئے 91 کروڑ 99 لاکھ 86 ہزار روپے اور کسانوں کو جدید طریقے سے سہولیات کی فراہمی (ترمیمی) کیلئے 4 ارب 10 کروڑ 47 لاکھ 39 ہزار روپے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :