نااہل حکمرانوں نے ملک کو اپنی خواہشوں کی تجربہ گاہ بنالیاہے ،حلیم عادل شیخ

پاکستان میں جاسوسی کے لیے سی آئی اے کے ایجنٹوں کو ویزے دینے والے آزاد ہیں،رہنما تحریک انصاف سندھ

منگل 28 مارچ 2017 19:09

نااہل حکمرانوں نے ملک کو اپنی خواہشوں کی تجربہ گاہ بنالیاہے ،حلیم عادل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کو اپنی خواہشوں کی تجربہ گاہ بنالیاہے،عوام جانناچاہتی ہے کہ پاکستان میں جاسوسی کے لیے سی آئی اے کے ایجنٹوں کو ویزے دینے والے آزاد کیوں ہیں،ہم عمران خان کے شکر گزار ہیں کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ حکمرانوں کی تلاشی لی جارہی ہے،نواز لیگ کے رسوا ہوچکی ہے انتخابات اس سال کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ 253کے دورے کے دوران پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات میں کیا،انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اپنے چار سالوں میں بدامنی ،بے روزگاری ،فرقہ واریت اور لاقانونیت کو جس انداز میں جنم دیا ہے اس سے ملکی سالمیت کو سخت نقصان پہنچاہے، شریف برادران کی مفاد پرست سوچ کی وجہ سے اس کا ووٹر بھی پریشان ہے اس لیے عوام کو اب تو ہوش کے ناخن لینا ہونگے کہ کس کس انداز میں ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیاآج ملک کایہ عالم ہے کہ یہاں کی صنعت و تجارت تباہ ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

تاریخ گواہ ہے کہ حکومتی ناانصافیوں کے خلاف سب سے پہلے آواز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اٹھائی۔ انہو ں نے کہاکہ غریب عوام کی بے چینی بڑھتی چلی جارہی ہے۔ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ موجودہ حکمران کرسی کی خاطر ایک دوسرے کا خون بہانے پر تلے ہوئے ہیں۔ جبکہ یہ اس بات کو بھی بھول رہے ہیں کہ کس طرح ان کے دور میں عوام کو انصاف اور روزگار کے حصول کے لئے مسائل کا سامنا رہاہے ،بھٹکی ہوئی سوچ کے حکمران خود سے بھی انصاف نہیں کرسکتے بھلا عوام اپنے لیے ان سے کیا توقعات رکھ سکتی ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکمران اپنی خواہشوں سے نظام چلانے پر یقین رکھتے ہیں جس میں یہ لوگ ترقی کے کسی بھی فعل میں عوام کو شامل کرنا پسند نہیں کرتے یہ ہی وجہ ہے کہ قوم پسماندگی میں گرفتار اور ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں۔