پیپلزپارٹی نے پارٹی رہنمائوں کو سیاسی رابطوں اور جوڑ توڑ کا ٹاسک سونپ دیا

سیاسی حکمت عملی پانامہ فیصلے کے بعد عیاں کریں گے ۔ میدان سجے گا تو مخالفین کو منہ توڑ جواب ملے گا ،آصف زرداری

منگل 28 مارچ 2017 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے پارٹی رہنمائوں کو سیاسی رابطوں اور جوڑ توڑ کا ٹاسک سونپ دیا ہے جبکہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی حکمت عملی پانامہ فیصلے کے بعد عیاں کریں گے ۔ میدان سجے گا تو مخالفین کو منہ توڑ جواب ملے گا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پارٹی رہنمائوں کو دیگر جماعتوں اور سیاسی شخصیات سے رابطے قائم کرنے کا یہ فیصلہ منگل کے روز یہاں اسلام آباد میں آصف علی زرداری سے پارٹی رہنمائوں کی ملاقات میں آئندہ کی سیاسی صف بندی پر مشاورت کے بعد کیا گیا۔

آصف زرداری نے کہا کہ میری اور بلاول بھٹو کی نظر سیاسی حالات پر ہیں اور حالات کا جائزہ لے کر ہی سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں تاہم اپنی سیاسی حکمت عملی پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد ظاہر کریں گے تاکہ مخالفین کا کوئی بھی حربہ نہ چلے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالات کے مطابق ہی آہستہ آہستہ کھیل رہے ہیں ابھی ہماری پاس کرنے کے لئے بہت کچھ باقی ہے جسے ہی سیاسی میدان سجے گا تو مخالفین کو منہ توڑ جواب ملے گا ۔ (جاوید)