پی ٹی آئی کشمیر پاکستان کے آنیوالے انتخابات میں انتخابی مہم کے دوران پی ٹی آئی کے ہر اول دستے کا کردار ادا کریگی ، سلطان محمود چودھری

پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کی بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائیگی، انتخابات میں مسئلہ کشمیر اہم ایشو ہوگا ،پاکستان میں مقیم پچاس لاکھ کشمیری ووٹرز اس سلسلے میں اہم کردارادا کریں گے، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

منگل 28 مارچ 2017 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کشمیر پاکستان کے آنے والے انتخابات میں انتخابی مہم کے دوران پی ٹی آئی کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گیاور پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کی بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائے گی۔

ان انتخابات میں مسئلہ کشمیر اہم ایشو ہوگا اور پاکستان میں مقیم پچاس لاکھ کشمیری ووٹرز اس سلسلے میں اہم کردارادا کریں گے۔گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دینے کے حق میں ہیں تاہم اسے صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر پر اسکے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔آزاد کشمیر میں آئینی ترامیم کے ذریعے کشمیر کو نسل کا خاتمہ اسلئے ضروری ہے کیونکہ کشمیر کونسل صرف رابطے کے لئے بنائی گئی تھی لیکن اب یہ ہمارے حکمران بن بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

بلکہ آزاد کشمیر کے عوام کا ٹیکس بھی خود اکھٹا کرکے 20% فیصد ہضم کر جاتے ہیں اور پھر وہی آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلے کے مکروہ عزائم میں پڑ جاتے ہیں۔عمران خان نے پانامہ کے فیصلے کے بعد آزاد کشمیر کے دورہء کا اعلان بھی کیا ہے۔پانامہ کیس کے فیصلے کی بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہارر انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ایک تفصیلی ملاقات میں موجودہ حالات پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوآزاد کشمیر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ اس موقع پر بنی گالہ میں ہونے والی ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عمران خان کو وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حید ر سے اپنی ہونے والی ملاقات کی تفصیلات ، گلگت بلتستان ، اور آزاد کشمیر کے ایکٹ میں آئینی ترامیم سمیت دیگر معاملات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا۔

اس پر عمران خان نے کہا کہ اس سلسلے میں دوبارہ میٹنگ کرکے پارٹی کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عمران خان کو پی ٹی آئی کشمیر کے حلقہ وار کنونشن اورتنظیمی معاملات کو تیز کرنے سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی منظم کریں اور آزاد کشمیر میں پارٹی کو تمام مشکلات کے باوجود جسطرح پارٹی کا پرچم سربلند رکھا ہے اس پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور پوری پارٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جسطرح آپ نے ہم پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ہم آپکے شکر گزار ہیں ہم پاکستان کے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کی ڈٹ کر انتخابی مہم چلائیں گے کیونکہ اس میں مسئلہ کشمیر اہم ایشو ہوگا اور پچاس لاکھ کشمیری ووٹرز اس میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مودی نواز گٹھ جوڑ کو شکست سے دوچار کریں گے۔