ٹوپی تحصیل کو فوری طور پرفعال کیاجائے، چنگیز خان گدون ایڈووکیٹ

منگل 28 مارچ 2017 18:41

صوابی۔28مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) ٹوپی تحصیل کو فوری طور پرفعال کیاجائے،عوام کو گھرکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری اور وقت کا تقاضہ ہے۔ صوبائی حکومت عوام سے کیے گیے وعدے پورے کر کے ٹوپی شہر میں عدالتوں کا قیام عمل میں لائے۔ ان خیالات کااظہار صوابی سیٹیزن فورم کے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری اور ممتاز قانون دان چنگیز خان گدون ایڈووکیٹ نے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے ٹوپی تحصیل کے عملی طور پرفعال ہونے میںگذشتہ گیارہ سال سے جاری بلاجواز التوا ء اور تاخیری حربوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت کے اعلان کردہ تاریخ ساز منصوبے کو متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی اور روایتی غفلت کے سبب تاحال عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکاجو کہ عوام کے بنیادی حقوق سے کھلم کھلا مذاق کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ٹوپی تحصیل کی بلڈنگز اور متعلقہ تعمیراتی کام دو سال قبل مکمل ہونے کے باوجود تحصیل ٹوپی کے تین لاکھ سے زایدنفوس پر مشتمل ٓبادی کی اکثریت اور ہزاروں سائلان آج کے جدید دور میں بھی معمولی دفتری کاموں اور دیوانی و فوجداری مقدمات کی پیروی کے لیے روزانہ پچاس کیلومیٹر دور ضلع کچہری شاہ منصور جانے پر مجبورہیںجو کہ صوبائی حکومت کے منشور اور تبدیلی کے تاریخی ایجنڈے پر اک حل طلب سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے عوام کے اس بنیادی آئینی حق ا وردیرینہ مطالبے کوہنگامی بنیادوں پرپورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ تحصیل ٹوپی کے فعال کرنے میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اور مقامی سماجی تنظیموں اور سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیکر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا آپشن استعمال کرنے پر مجبوررہونگے۔