پشاور،ضلعی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، اسمبلی اجلاس کے لئے ایجنڈا طے کرنے کے حوالے سے فیصلے

منگل 28 مارچ 2017 18:41

پشاور۔28مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) ضلع نا ظم پشاورمحمدعاصم خان کی زیر صدارت اگلے ہفتے ضلعی اسمبلی اجلاس کے لئے ایجنڈا طے کرنے کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منگل کے روزمنعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر کوارڈینشن صا حبزادہ محمد طارق ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض احمد ‘پاکستان پیلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر و ڈسٹرکٹ ممبر رضاء اللہ خان ‘ پاکستان مسلم لیگ ن کے رحمدل نواز ‘ جمعیت علماء اسلام کے حاجی زبیر علی ‘ عوامی نیشنل پارٹی کے سرتاج خان ‘ جماعت اسلامی کے خالد وقاص چمکنی‘ اور پاکستان تحریک انصا ف کے شمس الباری‘ نعمت اللہ ‘ آصف خان‘ تقدیر علی ‘ امجد خان ‘ مجاہد خان ‘ وسیم اکرم ‘ عبدالمالک ‘جہانگیر خان اوردیگر ڈسٹرکٹ ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ جن محکموں کی کارکردگی زیر بحث لائی جائیگی اس دن صر ف اسی محکمے کے افسران مدعو کئے جائینگے ‘ رپیڈ بس منصوبے پر ممبران کو تفصیلی بریفنگ دی جائیگی جس کے لئے پی ڈی اے کے متعلقہ ڈائریکٹر شکیل احمد کو اجلاس میں طلب کیاجائیگا جبکہ ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی پر بحث کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سالانہ امتحانات کے بعد سکول داخلہ مہم شروع شروع کرنے اورپرائیوٹ سکولوںکے فیسوںکا طریقہ کار ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق طے کرنے کیلئے پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے وفد کو بلانے ‘ دودھ تجزیہ لیبارٹری کی اب تک کی کارکردگی اور مزید بہتر بنانے کیلئے فنڈز کے طریقہ کارکو آسان بنانے کے لئے بحث کرنے کافیصلہ کیاگیا، پولٹری ریٹ میںحالیہ بے تحاشہ اضافہ کی وجوہات معلوم کرنے اور اس کو اعتدال پر لانے کیلئے ڈپٹی کمشنر پشاور اورراشننگ کنٹرولر پشاور کو اجلاس میں مدعوکرنے کافیصلہ بھی کیاگیا ۔

ضلع ناظم پشاور نے خطاب کے دوران عوامی مسائل کے حل کیلئے اجلاس میں تمام ممبران کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :