موجودہ حکمرانوں کے ہو تے ہوئے عوام کے جان ومال اورعزت تک محفوظ نہیں‘اعجاز چوہدری

وزیر ریلوے محکمے پر توجہ دینے کی بجائے پانامہ چور وں کے تحفظ پر مامور ہیں ،پنجاب میںٹرین کا یہ 19 ویں حادثہ ہے

منگل 28 مارچ 2017 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدری نے شیخوپورہ کے المناک حادثے میںقیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ وزیر ریلوے محکمے پر توجہ دینے کی بجائے پانامہ چور وں کے تحفظ پر مامور ہیں ،پنجاب میںٹرین کا یہ 19 ویں حادثہ ہے ،چار سالوں میں پھاٹک نہ ہو نے کی وجہ سے سینکڑوں ٹرینوں کے حادثے پیش آچکے ہیںجس میں بڑی تعداد میںقیمتی جانیں ضیا ع ہو چکا ہے ،لیکن حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں ،خواجہ سعد رفیق اپنی نااہلی کا اعتراف کر تے ہو ئے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے نے اپنی نااہلی ،ناکامی اور بے حسی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں ِ،تمام حادثات کے ذمہ دار خواجہ سعد رفیق ہیں ، زخموں کی زندگیوں کو بچانے اور انہیں علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی جا ئیں ، اب تک ہو نے والے تمام واقعات محکمہ ریلوے کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس واقعے کے ذمہ دار وزیر ریلوے سمیت دیگرافسران کو انصاف کے کٹہرے میںکھڑا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ،موجودہ حکمرانوں کے ہو تے ہوئے عوام کے جان ومال اورعزت تک محفوظ نہیں ،کب تک عوام حکمرانوں کی لاپروائی اور عدم توجہ کی وجہ سے بے گناہ عوام موت کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے، ریلوے کا ادارہ بھی تباہ وبربادکر دیا ہے۔