مزدوروں کے لئے 208 فلیٹس وار بٹن ضلع ننکانہ میں مکمل ہو چکے ہیں‘راجہ اشفاق سرور

خدمت خلق خدمت خدا کے مترادف ہے اور اس محنت کا اس طبقے کو جتنی بھی سہولتیں مہیا کی جائیں اتنی ہی کم ہیں محنت کش طبقے کا خون اور پسینہ اس ملک کی رگوں میں دوڑ رہا ہے اور محکمہ لیبر اور پنجاب حکومت ان کی بہتری کے لئے کام کرتی رہے گی

منگل 28 مارچ 2017 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت یکم مئی کے حوالے سے اہم اجلاس-اجلاس میں سیکرٹری لیبر ، کمشنر پیسی ،ڈی جی لیبر ، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ ، پراجیکٹ ڈائریکٹر چائلڈ لیبر سمیت اعلی افسران کی شرکت -اجلاس میں بتایا گیا کہ مزدوروں کے لئے 208 فلیٹس وار بٹن ضلع ننکانہ میں تقریباً تکمیل کو پہنچ چکے ہیں اور یہ اپنی نوعیت کے بہترین فلیٹس ہیں جن کی الاٹمنٹ کا سلسلہ جلد شروع کر دیا جائے گا -اس سے مزدوروں سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا- صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اس الاٹمنٹ کو صرف ایک ضلع تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کے دائرہ کار کو 30 کلو میٹر تک پھیلایا جائے تاکہ اردو گرد کی صنعتوں کے مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ اس سے استفادہ ہو سکے کیونکہ یہ پراجیکٹ ہم نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہی بنائے ہیں اور ان کو ان کا حق دلایا جا رہا ہے -صوبائی وزیر نے لیبر ڈے کے حوالے سے ایوان اقبال میں ایک وسیع فنکشن کرنے کا اعلان کیا جس میں لیبر لیڈرز ،مزدوروں اور بھٹہ مزدوروں کے بچوں ، والدین اور سوشل سیکورٹی میں پڑھنے والے بچوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ مزدوروں کے ہر طبقے کی نمائندگی ہو سکے - صوبائی وزیر نے کہا کہ یکم مئی کو اب تک ہونے والے کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی تاکہ لوگوں کو اب تک ہونے والے مزدور دوست کاموں کا اندازہ ہو سکے -مزید براں انہوں نے کہا کہ اس سال یکم مئی کو بہت سے اہم پراجیکٹ کا اعلان کیا جائے گا اور وہ اسی دور حکومت میں مکمل بھی کریں گے - صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہم سب کو مل کر اس نیک کام میں حصہ ڈالنا ہو گا کیونکہ خدمت خلق خدمت خدا کے مترادف ہے اور اس محنت کا اس طبقے کو جتنی بھی سہولتیں مہیا کی جائیں اتنی ہی کم ہیں -اسی محنت کش طبقے کا خون اور پسینہ اس ملک کی رگوں میں دوڑ رہا ہے اور محکمہ لیبر اور پنجاب حکومت ان کی بہتری کے لئے کام کرتی رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :