نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں سے بھرپور ہے ان کا عزم اور حوصلہ پاکستان کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہے‘رفیق رجوانہ

قوموں کی تاریخ میں چیلنجز آتے رہتے ہیں مگر بہادر اور غیور قومیں ان چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کر کے تاریخ کا دھارہ بدلنا خوب جانتی ہیں ملک کی موجودہ قیادت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملکی اقتصادی حالت میں بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ‘گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

منگل 28 مارچ 2017 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں سے بھرپور ہے ان کا عزم اور حوصلہ پاکستان کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہے، اس وقت ملک کو سب سے زیادہ پڑھے لکھے ، محنتی،فرض شناس اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ساتویں کانوووکیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ قومیں اور معاشرے کبھی زوال پذیر نہیں ہوتے جہاں تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم پاکستان کو بہترین مستقبل دے سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قوموں کی تاریخ میں چیلنجز آتے رہتے ہیں مگر بہادر اور غیور قومیں ان چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کر کے تاریخ کا دھارہ بدلنا خوب جانتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ ملک کی موجودہ قیادت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملکی اقتصادی حالت میں بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم کسی سے کم نہیں محنت اور لگن کا جذبہ جاری رہا تو ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ انہوںنے کہا کے طب کے شعبے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی درخشاں روایات کی امین ہے جس کے گریجوایٹس نے اندرون و بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں اعلی اور معیاری تعلیم کا فروغ خصوصا پیشہ وارانہ تعلیم کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ملکی ترقی کے عمل میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں ۔ گورنر پنجاب نے فارغ التحصیل طلباء و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ بلاشبہ اس ملک کا فخر ، انسانیت کی امید اور دکھی انسانیت کے مسیحا ہیں ،آپ کو اس نوبل کاز کے لیے اپنے فرائض کو جانفشانی اور ایمانداری سے ادا کرنے ہیں۔

گورنر پنجاب نے طلبا ء کے کانووکیشن میں کامیاب ہونے والے نوجوان ڈاکٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ ان کی عظیم منزل کے سفر کا پہلا قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ بہت خوش نصیب ہیں کہ آپ کو آج گولڈ میڈل اور اعلیٰ تعلیمی ڈگری سے نوازا جا رہا ہے اس پر خصوصی طور پر آپ کے اساتذہ اور والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے میڈل اپنے والدین کی گود میں ڈال دیں جن کی بدولت وہ آج اس مقام پر پہنچے ہیں۔

انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں اپنے پروفیشن سے قطع تعلقی نہ کریں بلکہ اپنی تمام صلاحیتوں کو خدمت انسانیت کے لیے وقف کرنا چاہیے ۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر اسد اسلم خان نے ادارے کے مختلف پروگراموں کے بارے میں بتایا ۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں گولڈ میڈلز ، سلور میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ میڈیکل گریجویٹ محمد ثوبان کو مجموعی طور پر سات گولڈ میڈلز ، سلور میڈلز اور کیش پرائز بھی دیا گیا۔

دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی محتسب پنجاب نجم سعید نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی محتسب نے اپنے ادارے کی گذشتہ سال کی کاکردگی پر سالانہ رپورٹ 2016 پیش کی۔ سالانہ رپورٹ 2016کے مطابق محتسب پنجاب کو سال 2016کے دوران مختلف محکموں کے خلاف 24637شکایات درج کروائی گئیں جن میں سے سال کے اختتام تک 21530شکایات پر فیصلے جاری کئے گئے جبکہ 1918شکایات ابھی زیر التوا ہیں۔

فیصلہ شدہ شکایات میں سے (59%)12724پر باقاعدہ تفتیش جبکہ (41%)8806پر ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد فیصلے جاری کئے گئے۔ پچھلے سالوں کی طرح اس بار بھی شکایات کی تعداد کے لحاظ سے پولیس، ضلعی حکومتیں، بورڈ آف ریونیو، ہائرایجوکیشن ، سکول ایجوکیشن، صحت اور لوکل گورنمنٹ کے محکمے سرِ فہرست رہے۔ گورنر پنجاب نے صوبائی محتسب کے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہاکہ محتسب کا ادارہ لوگوں کو بروقت اور سستا انصاف فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے جسے مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر صوبائی محتسب نے گورنر پنجاب کو اپنے محکمے کی سالانہ کارکردگی اور اس میں مزید بہتری لانے کے لئے مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا جن میں کمپلینٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور عوامی آگاہی مہم جیسے منصوبے شامل ہیں۔ گورنر پنجاب نے اس ضمن میں صوبائی محتسب کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :