صوبے کے بڑے شہروں میں سولر سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں، عنایت الله

منگل 28 مارچ 2017 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت الله نے متعلقہ حکام کو صوبے کے مختلف بڑے شہروں میں سولر لائٹس نصب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پراجیکٹ کیلئے صوبائی حکومت نے 6ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے تاکہ بڑے شہروں کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ روشن بھی بنایا جاسکے اور لوگوں کو رات کے وقت بھی شہروں کی خوبصورتی کا احساس ہو۔

یہ ہدایت انہوں نے پی ڈی اے آفس حیات آباد پشاور میں سولر سٹریٹ لائٹس سے متعلق بریفنگ لینے کے بعد جاری کی۔ بریفنگ میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سلیم حسن وٹو، ڈائریکٹر جنرل بلدیات عامر لطیف، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات، چیف پلاننگ آفیسر طاہرہ یاسمین،کنسلٹنٹس و دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںسولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں اہم تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں سولرآیزیشن کی راہ میں حائل رکاٹوں کو دور کرنے کیلئے ڈی جی پی ڈی اے کی سربراہی میں چیف پلاننگ آفیسر ،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ و دیگر ممبران پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی اور سینئر صوبائی وزیر نے حکام کو ہدایت کی کہ کمیٹی اس ضمن میں جلد از جلد اپنی رپورٹ تیار کرکے انہیں پیش کریں تاکہ منصوبے پر فوری طور پر کام کا آغاز کیا جا سکے۔

عنایت الله نے اجلاس میں شریک کنسلٹنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات میں مضبوط اور مستحکم اصول وضع کئے گئے ہیں اور وہ کام کی بروقت تکمیل پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور جب تک کام مکمل نہیں ہوتا ایک قسط بھی ریلیز نہیں ہوگی۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو خوبصورت، صاف ستھرا اور روشن بنانا مخلوط حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور بفضل خد ا صوبائی حکومت اس مقصد کے حصول میں کافی حد تک کامیا ب ہو چکی ہے اور انشاء الله خیبر پختونخوا کا بڑا شہر روشنیوں کا شہر ہو گا۔

دریں اثناء سینئر صوبائی وزیر نے کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کے علاوہ لیبر یونین کے عہدیداروں اور دیگر مختلف وفود سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل و مشکلات غور سے سنیں۔انہوں نے وفود کے جائز مسائل کے حل کے مکمل یقین دہانی کرائی ۔وفود نے سینئر صوبائی وزیر کا انکے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور متعلقہ حکام کے نوٹس میں لانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔