خصوصی بچوں کی فلاح کا کام ہم سب کی ذمہ داری ہے، سکندر شیرپائو

محکمہ سماجی بہبود کی سرگرمیوں کا مقصد مخفی دیگر خدمات کیساتھ عوام میں خصوصی بچوں پر توجہ کے شعور کو پیدا کرنا ہے ، وزیر سماجی بہبود خیبرپختونخوا

منگل 28 مارچ 2017 18:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود و آبپاشی سکندر حیات خان شیر پاو،ْ نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود کی سرگرمیوں کا مقصد مخفی دیگر خدمات کے ساتھ عوام میں خصوصی بچوں پر توجہ کے شعور کو پیدا کرنا ہے اور اس کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کا کردار نہایت ضروری ہے کیونکہ خصوصی بچوں میں اللہ تعالیٰ نے بہت سی صلاحیتیں رکھی ہوئی ہیں جن کو بروئے کار لا کر یہی بچے معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع چارسدہ میں رجڑ کے مقام پر بصارت سے محروم بچوں کیلئے حکومتی سرپرستی میں قائم ہونے والے پہلے گورنمنٹ مڈل سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد عمر زئی ، ممبر صوبائی اسمبلی سلطان محمد خان، محکمہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل سیکرٹری عادل شاہ ، ڈائریکٹر محمد نعیم ، سکول کے پرنسپل سید علی بحش کے علاوہ محکمہ کے دیگر اہلکار ، علاقے کے معززین اور بصارت سے محروم طلبہ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں خصوصی افراد کے 39 پرائمری سکول موجود تھے تاہم موجودہ حکومت نے ان بچوں کو مزید تعلیم دینے کیلئے ایک جامع منصوبہ کے تحت ان تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ مزید وسعت کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر خصوصی بچوں کیلئے ہائر ایجوکیشن کمپلکس قائم کئے جار ہے ہیں جہاں پر پرائمری سے لیکر انٹر میڈیٹ تک ہر قسم کے خصوصی بچوں کو تعلیمی سہولیات میسر ہونگی جبکہ ان کمپلکس میں دور دراز سے آنے والے بچوں کے لئے ہاسٹل بھی تعمیر کئے جائینگے۔

انہو ں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بصارت سے محروم بچوں کیلئے کتابوں کی چھپائی سے متعلق برائل پریس کے قیام کے لئے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے جو کہ خصوصی تعلیم کے شعبہ میں ایک انقلاب کے برابر ہوگا۔ انہوں نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے تحت مذ کورہ سکول کے احاطہ میں خصوصی بچوں کی تعلیم کیلئے ایک کمپلیکس کی تعمیر کا بھی اعلان کیا جہاں پر ہر طرح کے خصوصی بچوں کیلئے تعلیم اور تربیت کی سہولت میسر ہوگی۔

سکندر شیرپاو نے کہا کہ دوسرے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی ان کی خصوصی توجہ ہے یہی وجہ ہے کہ ضلع چارسدہ میں 5 نئے ڈگری کالجز قائم کئے جا رہے ہیں جہاں پر ٹیکنیکل یونیورسٹی کا قیام بہت جلد عمل میں لایا جائیگاجو کہ بے روزگاری کے حاتمے اور سی پیک منصوبہ میں اپنا حصہ قائم کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمر زئی،ایم پی اے سلطان محمد خان اور دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے علاقے میں قومی وطن پارٹی کے ترقیاتی منصوبوں اور تعمیری سوچ پر روشنی ڈالی اور سینئر صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی کہ نیا قائم ہونے والا مذکورہ تعلیمی ادارہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کریگا۔

متعلقہ عنوان :