حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ، سی پیک کی تکمیل سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہو گا' رانا محمد اقبال خاں

معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت پنجاب خود کفالت ، معاشی خوشحالی، دیہی ترقی اور غربت کے خاتمے کیلئے لائیوسٹاک کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، رانا محمد اقبال خاں

منگل 28 مارچ 2017 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ناقابل تسخیر بن چکا ہے، حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں ،انفرمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہم نے نمایاں ترقی کی ہے،سی پیک کی تکمیل سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہو گا،لائیو سٹاک پاکستان کی معیشت کا بنیادی جزوہے،ملکی معیشت میں لائیوسٹاک سیکٹر انتہائی اہمیت کا حامل ہے،معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت پنجاب خود کفالت ، معاشی خوشحالی، دیہی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے لائیوسٹاک کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے گزشتہ روزبفلو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پتوکی، ضلع قصور میں مِلک اینڈ بیوٹی کمپٹیشن کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

بفلو میلہ میں پنجاب بھر سے بھینسوں کے دودھ اور خوبصورتی کا مقابلہ کروایا گیا۔ اس موقع پر رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق لائیو سٹاک سیکٹر کازراعت کے شعبے میں 55.5%سے زیادہ حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل GDP کا 11.8%حصہ لائیوسٹا ک سیکٹر سے حاصل ہوتا ہے۔ ہمارا ملک دودھ پیدا کرنے والادنیاکا چوتھا بڑا ملک ہے۔ ہماری دودھ کی پیداواری صلاحیت 43 بلین لیٹر سالانہ سے زائدہے۔اور اس کی پیداوری مالیت گندم اور کپاس سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی ہماری معیشت ہیں۔ لائیوسٹاک کا شعبہ ہماری دودھ، بیف ،مٹن اور پولٹری جیسی اہم قومی ضروریات کو پوراکرتاہے۔

اس سال زراعت کے شعبہ میں حکومت پنجاب 147۔ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ اس بفلو کمپٹیشن کے انعقاد سے ہماری قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی او ر بے روز گاری کے خاتمے کے لیے اس قسم کے مقابلے اورقومی کلچر کوزندہ رکھنے کے لیے ایسے پروگرام منعقد ہوتے رہنے چاہئیں۔ بعد ازاں سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے مختلف مقابلہ جات جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔