آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بہاولپور گریژن کا دورہ، روایتی جنگ کے لیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطیمنان کا اظہار

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تجربے نے ہماری فوج کو ناقابل شکست اور آزمودہ بنا دیا ہے، آپریشن ردالفساد ملک میں امن و استحکام لائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ

منگل 28 مارچ 2017 18:10

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے روایتی جنگ کے لیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ داخلی سکیورٹی آپریشنز میں کارکردگی پر اطیمنان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تجربے نے ہماری فوج کو ناقابل شکست اور آزمودہ بنا دیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور گریژن کا دورہ کیا ۔

جہاں پر انھیں آپریشنل تیاریوں ‘جاری داخلی آپریشنز اور کور کے دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفساد ملک میں امن و استحکام لائے گا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے سکیورٹی آپریشنز کے دوران پاک فوج کے افسران اور نوجوانوں کی قربانیوں اور مثالی کارکردگی کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران ہمارا فخر ہیں۔

قبل ازیں جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جاری سکیورٹی آپریشنز میں انکے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوان فوج کی اصل قوت ہیں ۔انہوں نے فوجی جوانوں کی فلاح و بہبود ‘ خاندان کے لئے فراہم کی گئی سہولیات ‘صحت ‘ایجوکیشن اور معیار زندگی کے حوالے سے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا ۔دریں اثناء آرمی چیف نے کمبائنڈ ملٹری ہاسپیٹل انسٹیویٹ آف میڈیکل سائنسز بہاولپور کا افتتاح کیا۔

اس انسٹیویٹ میں ایم بی بی ایس کے لئے 100 طالبعلموں سے پہلے بیچ کا آغاز کیا جائے گا اور آئندہ سال 50طالبعلموں کا اضافہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملکی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے ‘سی آئی ایم ایس بہاولپور بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔آرمی چیف جب بہالپور پہنچے تو کورکمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن نے ان کا خیر مقدم کیا ۔