وزیراعظم محمد نواز شریف کا حیدر آباد کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے،زاہد خان

منگل 28 مارچ 2017 18:34

وزیراعظم محمد نواز شریف کا حیدر آباد کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر (ر) زاہد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا حیدر آباد کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے، جس طرح انتخابات قریب آ رہے ہیں سیاسی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، فوجی عدالتوں سے دہشت گردی میں کمی آ سکتی ہے، افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومتی جماعت ہے، ان کے پاس وسائل کی کمی نہیں۔ وزیراعظم نے حیدر آباد دورے کے موقع پر ایک ارب روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جو خوش آئند ہے، اس سے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حیدر آباد کے نوجوانوں کے لئے یونیورسٹی کا اعلان کیا ہے جس سے حیدر آباد کے نوجوانوں کو مقامی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح انتخابات نزدیک آ رہے ہیں اسی طرح انتخابات کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہتے ہیں، یہی جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے دہشت گردی میں کمی ضرور آئے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے افغانستان کے لئے بارڈر کھول کر اچھا اقدام کیا ہے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے، اگر افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ اچھا برتائو کرنا ہوگا تاکہ دونوں کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :