پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

منگل 28 مارچ 2017 18:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے ’’قائد اعظم محمد علی جناح :کرشماتی لیڈر‘‘کے موضوع پر سیمینار کا انعقادکیا گیا جس میں ایف سی کالج لاہور سے شعبہ تاریخ اور پبلک پالیسی کے پروفیسر ڈاکٹر سکندر حیات ، ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سنٹر پروفیسر ڈاکٹر مسرت عابد، ڈاکٹر امجدعباس مگسی ، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر سکندرنے قائد اعظم کی کرشماتی لیڈرشپ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی خود اعتمادی پر لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم مسلمانوں کے اقلیتی اور اکثریتی علامات کو بھانپتے ہوئے مشکل وقت میں بہترین لیڈر بن کر ابھرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کو اس بات کو ادراک ہو چکا تھا کہ اگر فیڈریشن کو مرکز مان لیا گیا تو ہندو اکثریت میں ہونے کی وجہ سے ڈرائیونگ سیٹ پر اور مسلمان پیچھے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کانگرس اپنی تنگ نظرپالیسیوں کے باعث مسلمانوں کو دیوار سے لگانا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ جنگ آزادی دوم کے بعد ہندوستان کی ٹھیک دیکھ بھال نہ کرسکنے اور اپنی وجوہات کی بنا پر برصغیر چھوڑ نے پر مجبور ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ تقسیم ہند کا سبب بنی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور کانگرس تقسیم ہند سے ناخوش تھے اور نہیں چاہتے تھے کہ ہند تقسیم ہو کیونکہ متحدہ بھارت روسی خطرے کو ناکام بنا سکتا تھامگر قائد اعظم اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔