لودھراں تا خانیوال سڑک کا منصوبہ جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے ایک نادر تحفہ ثابت ہوگا ‘ملک تنویر اسلم اعوان

خادم پنجاب کی جانب سے جنوبی پنجاب کی عوام سے دوستی کامنہ بولتا ثبوت ہے‘صوبائی وزیر مواصلا ت و تعمیرات

منگل 28 مارچ 2017 17:58

لودھراں تا خانیوال سڑک کا منصوبہ جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے ایک نادر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیر مواصلا ت و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میںخادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے پہلے تین فیسز کامیابی سے ہمکنار ہو چکے ہیں اور جنوری سے جاری چوتھا فیز بھی تیزی سے اپنی تکمیل کے حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے،جنوبی پنجاب میںاربوں روپے کی ان گنت منصوبہ جات کی تکمیل کے بعدلودھراں تا خانیوال دو طرفہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا جانا ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ خادم پنجاب کی جانب سے جنوبی پنجاب کی عوام سے دوستی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

ان باتوں کا اظہار صوبائی وزیر نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو میاں مشتاق،اسپیشل سیکرٹری خالد محمود،ایڈیشنل سیکرٹری مالک بھلاء اور دیگر متعلقہ افسران سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

دوران بریفنگ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ 21ارب روپے کی لاگت سے لودھراں تا خانیوال 98کلومیٹر طویل دو طرفہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔1ارب 16کروڑ روپے کی لاگت سے فلائی اوور بمقام ریلوے کراسنگ لودھراں،جلال پور پیر والہ روڈپر بننے جا رہا ہے۔

اس سڑک کے بن جانے کے بعد خانیوال سے لودھراں براستہ ملتان کا سفر پہلے 127کلومیٹر تھا مگر اب 98کلومیٹر رہ جائیگا۔اس دوطرفہ سڑک سے بہاولپور،رحیم یار خان،لودھراں،خانیوال اور وہاڑی کی عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ تاجر برادر ی بھی مستفید ہوسکے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلا شبہ اس سڑک کی تعمیر سے ٹریفک کے بہائو میں بہتری،حادثات،شرح اموات اورٹریفک مینجمنٹ جیسے مسائل میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی لیڈر شپ میں پنجاب بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے تاکہ عوام کو سفری سہولیات میسر ہوسکیں اور لودھراں تا خانیوال سڑک کا منصوبہ جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے ایک نادر تحفہ ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :