وزیراعظم کا حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام سمیت دیگر شعبوں کے لئے ترقیاتی پیکیج کے اعلان احسن اقدامات ہیں، سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نہیں مگر اس کے باوجود وزیراعظم کے پیش نظر صرف اور صرف عوامی خدمت کا جذبہ کار فرما ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کی اے پی پی سے بات چیت

منگل 28 مارچ 2017 17:56

اسلام آباد ۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام سمیت دیگر شعبوں کے لئے ترقیاتی پیکیج کے اعلان کو عوامی خدمت کی ایک عمدہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نہیں مگر اس کے باوجود وزیراعظم کے پیش نظر صرف اور صرف عوامی خدمت کا جذبہ کار فرما ہے۔

منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیرمملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ نواز شریف کا حیدرآباد میں یونیورسٹی کا قیام اور اس کے لئے 100 کروڑ روپے کی فراہمی، حیدرآباد کارپوریشن کے لئے 50کروڑ روپے کا اعلان کرنا احسن اقدامات ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے حیدرآباد کے نواحی علاقوں کے لئے بجلی اور گیس کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ سندھ میں صوبائی حکومت مسلم لیگ (ن) کی نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی ہے مگر وزیراعظم نے حیدرآباد کی عوام کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کے نزدیک اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہے کہ حکومت کسی کی بھی ہو، عوام کی خدمت ہونی چاہئے کیونکہ یہ ملک سب کا ہے اور اس کے وسائل پر بھی سب کا حق ہے۔ اسی لئے وزیراعظم نے حیدرآباد کے عوام کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرکے عوامی خدمت کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے۔

دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ حیدر آباد کے دوران حیدر آباد کے لئے تاریخی منصوبوں کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد کے لئے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر حیدر آباد کے عوام، تاجر برادری سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ خیر مقدم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کے لوگوں کے لئے یونیورسٹی، انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور دیگر منصوبے حیدر آباد کے عوام کی تقدیر بدل دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسی خدمت کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی امور کشمیر،گلگت بلتستان کے چیئرمین ملک ابرار احمد نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کر رہے ہیں، ان کا حیدر آباد کا حالیہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا جس میں انہوں نے حیدر آباد کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے مقامی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حیدر آباد کے لئے یونیورسٹی کے قیام، بین الاقوامی ایئر پورٹ سمیت لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے کئی اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسی قسم کے علاقائی، لسانی یا سیاسی تعصب سے ہٹ کر قومی جذبہ سے عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، وہ پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ، کے پی کے، بلوچستان کے عوام کی خدمت کے لئے ان صوبوں میں جا رہے ہیں اور وہاں کے عوام کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لئے میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد، مکمل ہونے پر افتتاح، سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبے دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ان دوروں سے دوسری سیاسی جماعتوں کو بھی بیانات دینے کی بجائے عوامی خدمت کی راہ اپنانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کی بدولت ہی وزیراعظم محمد نواز شریف تیسری مرتبہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم کے طور پر کام کر رہے ہیں، ملک ابرار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت محض نعروں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ وہ عملی سیاست کے ذریعے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ وہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سے کلین سویپ کرے گی۔