’’ قومی زبان میں زرعی و سائنسی علوم کا فروغ : مسائل، امکانات اور عملی اقدامات‘‘ کے موضوع پر مشاورتی ورکشاپ (کل) ہوگی

منگل 28 مارچ 2017 17:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) کے زیر اہتمام ’’قومی زبان میں زرعی و سائنسی علوم کا فروغ : مسائل، امکانات اور عملی اقدامات‘‘ کے موضوع پر نظامت اردو کے تحت مشاورتی ورکشاپ (کل) بدھ کو منعقد ہوگی جس میں ممتاز شاعر افتخار عارف، ممتاز سائنسدان ڈاکٹر یوسف ظفر (تمغہ امتیاز)، ڈاکٹر محمد اشرف اور مختلف اداروں اور جامعات کے نمائندے شرکت کریں گے۔

ورکشاپ میں مختلف جامعات اور سائنسی و تحقیقی اداروں کے نمائندے اور ماہرین شرکت کریں گے۔ چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ڈاکٹر یوسف ظفر ورکشاپ کا افتتا ح کر یں گے جبکہ ممتاز شاعر اور ادارہ فر غ قومی زبان کے سربراہ افتخار عارف مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں اردو سائنس نگاری و ترجمہ کاری کے فروغ، زرعی و سائنسی موضوعات پر معیاری تحقیقی مجلہ کے اجراء اور قومی زبان میں اعلیٰ تعلیم کے نصابات اور درسیات کی تیاری کے موضوعات پر غور و فکر کیا جائے گا اور عملی اقدامات کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے چیئر مین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد اشرف خطاب کریں گے۔ ورکشا پ میں پی اے آر سی، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن، نمل یونیورسٹی، رفاہ یونیورسٹی، بارانی زرعی یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ممتاز محققین اور مترجمین شرکت کریں گے۔ ورکشاپ کا اہتمام وزیراعظم کابینہ کمیٹی برائے نفاذِ اردو کی ذیلی مجلس برائے معیار بندی تراجم اور ادارہ فروغ قومی زبان کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔