50 ہزار ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا، وزیر زراعت

منگل 28 مارچ 2017 17:56

50 ہزار ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا، وزیر زراعت
ملتان۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب نے 50 ہزار ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا۔ نعیم اختر خان بھابھہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں اس وقت 3.88 ملین ایکڑ رقبہ کاشتکاری کے لیے موزوں ہے۔ اس کی اصلاح کرکے آنے والے دنوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضرورت کے لیے قابل کاشت بنایاجا سکتا ہے لہٰذا محکمہ زراعت نے اس رقبہ کو قابل کاشت بنانے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ سے نہ صرف زرعی رقبہ بڑھے گا بلکہ فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔ وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر خان بھابھہ نے مزید کہا کہ کسان پیکیج 2016-17 کے تحت اس منصوبے کے لیے 642 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے اور موجودہ مالی سال کے دوران 50 ہزار ایکڑ بنجر زمین کی اصلاح کر کے اسے کاشتکاری کے لیے موزوں بنایا جائے گا۔ اس منصوبہ سے مستقبل میں 1.2 بلین سے 1.5 بلین روپے کا فائدہ حاصل ہو گااور کاشتکار ی کے لیے زرعی رقبے میں اضافہ ہو گاجس سے پنجاب کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔