وزیراعظم کی جانب سے حیدرآباد میں وفاقی یونیورسٹی ، ہیلتھ کارڈ ، ایئرپورٹ کی بحالی اور بلدیہ اعلیٰ کو 50 کروڑ دینے کے اعلانات سے خوش آئند ہے،اسلم خان دیس والی

منگل 28 مارچ 2017 17:56

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) حیدرآباد سٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اسلم خان دیس والی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے دورہ حیدرآباد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے حیدرآباد میں وفاقی یونیورسٹی اور غریب عوام کے لیے ہیلتھ کارڈ اور ایئرپورٹ کی بحالی کے ساتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کے اعلانات اور بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے 50 کروڑ دینے کے اعلانات سے حیدرآباد کی عوام بیحد خوش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سال سے حیدرآباد کے عوام مایوسی کا شکار تھے جبکہ بنیادی سہولیات کی محرومی اور تعلیم جیسے مسائل حل نہیں ہو پا رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ کی بحالی کے ساتھ ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل کا درجہ دینے سے حیدرآباد کی معیشت مستحکم ہوگی اور عوام و تاجر برادری کو حیدرآباد اندرون و بیرون ممالک کی سفری سہولیات میں بھی آسانی ہوگی۔انہوں نے سینیٹر راحیلہ گل مگسی کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے حیدرآباد کے مسائل کے متعلق وزیراعظم کو حیدرآباد مدعو کیا۔

متعلقہ عنوان :