کراچی،عدالت نے بس فائرنگ کیس کے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا

منگل 28 مارچ 2017 17:48

کراچی،عدالت نے بس فائرنگ کیس کے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) کراچی کی مقامی عدالت نے بس فائرنگ کیس کے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے بچہ اغوا کیس میں گرفتار 7 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی مزید توسیع بھی کردی ہے۔منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کے جج کے روبروبس پر فائرنگ کرنے والے پولیس کے اہلکار کو پیش کیا۔

عدالت نے پولیس اہلکار سے استفسار کیا کہ جب لوگ لوٹ مار کررہے ہوتے ہیں تو تم لوگ کہاں ہوتے ہو۔ملزم پولیس اہلکار نے جواب دیا کہ ہم اسنیپ چیکنگ پر تھے تو بس سے شور کی آواز آرہی تھی، ہم نے بس کورکنے کا اشارہ کیا لیکن بس کے اندر سے ہم پر فائرنگ کی گئی جسکے بعد ہم نے فائرنگ کی۔دوسری جانب تفتیشی افسر نے پیش ہوکر بتایا کی منی بس پولیس کی تحویل میں ہے۔

(جاری ہے)

ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے لہذا ملزم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تحویل میں دیا جائے تاہم عدالت نے ملزم کو 3روہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کردی۔واضح رہے کہ ملزم پولیس اہلکار نصیر کی منی بس پر فائرنگ کے نتیجے میں بس میں سوار 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔ادھر سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں قطر اسپتال سے بچہ اغوا کیس میں گرفتار مرد ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پوراہونے پر دوبارہ پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان سے مزید تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی جس پر عدالت نے گرفتار 7 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی مزید توسیع کرتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کردی۔یاد رہے کہ مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزمہ مسرت سمیت 4 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :