شانتی نگر میں تعمیر غیر قانونی بلڈنگز کے خلاف دائر درخواست پرسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری

منگل 28 مارچ 2017 17:48

شانتی نگر میں تعمیر غیر قانونی بلڈنگز کے خلاف دائر درخواست پرسندھ بلڈنگ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء)سندھ ہائی کورٹ نے گلشن اقبال کے علاقے شانتی نگر میں تعمیر غیر قانونی بلڈنگز کے خلاف دائر درخواست پرسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ،ایس ایچ او عزیز بھٹی و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں گلشن اقبال بلاک نمبر 19 شانتی نگر کے علاقے میں غیر قانونی بلڈنگز کی تعمیرات کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت فاضل عدالت کے روبرو درخواست گزار جنید احمد بھٹو نے موقف اختیار کیا کہ میرا پلاٹ گلشن اقبال بلاک19میں ہے، جہاں ایک بلڈر اعجاز شیخ نے میرے پلاٹ کے برابر میں ایس ایچ او عزیز بھٹی کی ایما پر غیر قانونی تعمیرات کرائی ہیں۔درخواست گزار نے مزید کہاکہ ایس ایچ او عزیز بھٹی مجھے قتل کرنے اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔بلڈر نے اونچی عمارت کی تعمیر کے لئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے اجازت بھی نہیں لی۔بعدازاں عدالت نے درخواست گذارکا موقف سنتے ہوئے 6 اپریل تک سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ایس ایچ او عزیز بھٹی و دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی ملتوی کردی۔