حکومت کسی کو بیروزگار کریگی نہ زرعی شعبہ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ادارے سیڈکارپوریشن کی نجکاری ہو گی‘ وزیر زراعت پنجاب

پنجاب کو اناج گھر بنانا حکومت کا مشن ہے، اگلی بورڈ میٹنگ میں ادارے کو مزید فعال بنانے کیلئے تجاویز مانگ لی ہیں‘ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو ڈائریکٹر مارکیٹنگ ، ڈائریکٹر فنانس نے بریفنگ دی، بورڈ اجلاس کے اختتام پر ورکرز یونین نے نعیم اختر بھابھہ کے حق میں نعرے لگائے

منگل 28 مارچ 2017 17:33

حکومت کسی کو بیروزگار کریگی نہ زرعی شعبہ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر بھابھہ نے کہا ہے کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن بیجوں کی صنعت میں لیڈر کا کردار ادا کررہی ہے ، موجودہ جمہوری حکومت کسی کو بیروزگار کرے گی اور نہ ہی زرعی شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ادارہ پنجاب سیڈکارپوریشن کی نجکاری ہو گی، اگلی بورڈ میٹنگ میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کو مزید فعال بنانے کیلئے تجاویز مانگ لی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے 109ویںبورڈ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری زراعت محمد محمود، ڈپٹی سیکرٹری فنانس شبیر احمد خان، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر سارہ رشید، ڈائریکٹرفنانس طارق محمود، ڈائریکٹر مارکیٹنگ چوہدری منظور حسین ، سید شہباز حسین شاہ، حافظ انعام الحق اعوان اوردیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نعیم اختر بھابھہ نے کہا کہ کسانوں کو سستا اور معیاری بیج فراہم کرنا پنجاب حکومت کا مشن ہے۔ 1976ء سے قائم پنجاب سیڈ کارپوریشن کے افسران اور ورکرز نے زرعی شعبہ کی بے پناہ خدمت کی ہے، آج فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مقابلے میں سستا اور معیاری بیج فراہم کرکے صحیح معنوں میں کاشتکاروں کی خدمت کررہا ہے اور اسے مزید فعال بنایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کو اناج گھر بنانا موجودہ حکومت کا مشن ہے، اس لیے پنجاب سیڈ کارپوریشن کو مضبوط اور فعال بنانا ناگزیر ہے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر مارکیٹنگ چوہدری منظور حسین اور ڈائریکٹر فنانس طارق محمود نے وزیر زراعت کو بریفنگ دی۔ بورڈ اجلاس کے اختتام پر ورکرز یونین نے وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر بھابھہ کے حق میں نعرے لگائے ۔ سیکرٹری جنرل نصیر احمد شیخ نے کہا کہ وزیر زراعت نعیم اختر بھابھہ کے فیصلے سے بے یقینی کی صورتحال ختم اورورکرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے،اب ورکرز مزید محنت اور لگن سے کام کریں گے تاکہ ادارہ مزید ترقی کرے۔

متعلقہ عنوان :