روس کو ایرانی فوجی مراکز استعمال کرنے کی اجازت ہوگی،جواد ظریف

کریملن میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں شام سمیت خطے کے مسائل پر گفتگو ہوگی،انٹرویو

منگل 28 مارچ 2017 17:23

روس کو ایرانی فوجی مراکز استعمال کرنے کی اجازت ہوگی،جواد ظریف
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہاہے کہ روس، شام میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایرانی فوجی مراکز استعمال کرسکتا ہے۔کریملن میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں شام سمیت خطے کے مسائل پر گفتگو ہوگی،غیرملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ روس اور ایران دونوں شام کے صدر بشارالاسد کے قریبی اتحادی ہیں اور گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران شامی تنازع کو ان کے حق میں کرنے کے لیے انھوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

جواد ظریف نے کہا کہ ایران میں روس کا کوئی فوجی مرکز نہیں ہے لیکن ہمارا اچھا تعاون ہے اور اگر روس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ایرانی سہولت کی ضرورت ہوئی تو ہم اس پر معاملہ بہ معاملہ فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ کریملن میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں شام سمیت خطے کے مسائل پر گفتگو ہوگی۔خیال رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی روس کے دورے پر گزشتہ روز ماسکو پہنچے، وزیر خارجہ جواد ظریف بھی اس وفد کا حصہ ہیں۔

روس نے گزشتہ سال شام میں دہشت گردوں کے خلاف حملوں کے لیے ایران کا ایک ایئربیس استعمال کیا تھا، واضح رہے کہ جنگ عظیم دوم کے بعد پہلا موقع تھا کہ کسی بیرونی طاقت نے ایرانی بیس کو استعمال کیا تھا۔ایران کے چند اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے اسے آئین کی خلاف ورزی قرار دیئے جانے کے بعد اچانک اس کو بند کردیا گیا تھا اور ایرانی وزیردفاع نے معاملے کو عام کرنے پر ماسکو کی سرزنش کی تھی۔

متعلقہ عنوان :