قومی احتساب بیورو میں افسران کی خلاف ضابطہ تقرریوں کا معاملہ، نیب لاہور کے چار سینئر افسران نے استعفیٰ دیدیا

منگل 28 مارچ 2017 17:02

قومی احتساب بیورو میں افسران کی خلاف ضابطہ تقرریوں کا معاملہ، نیب لاہور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) قومی احتساب بیورو میں افسران کی خلاف ضابطہ تقرریوں کا معاملہ، نیب لاہور کے چار سینئر افسران نے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب میں خلاف ضابطہ تقرریوں کا کیس زیر سماعت ہے جس میں حکومت کی جانب سے 48افسران کی خلاف ضابطہ تقرریوں کا اعتراف کیا گیا تھا، گزشتہ روز عدالت کی جانب سے خلاف ضابطہ بھرتی ہونے والے افسران کو ازخود ریٹائرمنٹ لینے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیب لاہور کے ڈائریکٹر انویسٹی گیشن 1 کیپٹن فرخ نسیم، نیب لاہور کے ڈائریکٹر انویسٹی گیشن 2محمد یونس اور نیب کوئٹہ کے ڈائریکٹر عامر شاہ نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ نیب لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر یعقوب نے انہیں واپس اپنے محکمے میں بھجوانے کی درخواست کردی ہے، اظہر یعقوب کو اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان سے ڈیپوٹیشن پر نیب میں تعینات کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیب کے دیگر سینئر افسران بھی استعفیٰ دینے پر غور کررہے ہیں تاہم استعفوں کی منظوری کا حتمی فیصلہ چیئرمین نیب کریں گے۔ دوسری جانب مستعفی ہونے والے افسران کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کو پری میچور ریٹائرمنٹ کے لئے لکھ دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :