سائنس،ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبے میں طلبا کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا قومی معیشت کے استحکام کیلئے اہم ہے،ممنون حسین

جامعات کو اعلیٰ معیار قائم رکھنے کیلئے اپنے انفرا سٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا چاہیے، صدر مملکت کا این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کی پہلی سینیٹ میٹنگ سے خطاب

منگل 28 مارچ 2017 16:54

سائنس،ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبے میں طلبا کو معیاری تعلیم سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سائنس،ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبے میں طلبا کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا قومی معیشت کے استحکام کیلئے نہایت اہم ہے۔صدر مملکت نے یہ بات این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کی پہلی سینیٹ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کو اعلیٰ معیار قائم رکھنے کیلئے اپنے انفرا سٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا چاہیے تاکہ طلبا کو ایسا ماحول میسر آسکے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم بہترین افرادی قوت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ انسٹیٹیوٹ کی سینیٹ ادارے کو درپیش مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریگی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ سینیٹ کے اجلاس معمول کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ مسائل کا بر وقت حل ہو سکے اور یہ ادارہ سینٹر آف ایکسیلنس کے طور پر ابھرسکے۔میٹنگ میں این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 2017-18ء کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی اور تعلیمی، انتظامی، مالی اور سیکیورٹی امور کے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کی ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی کی گئی۔