نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے، وزیر بلدیات پنجاب

منگل 28 مارچ 2017 16:46

نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی اداروں کا کردار انتہائی ..
لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں ہم نے ایک ٹیم کے طو رپر کام کرنا ہے، بلدیاتی قیادت جوانی اورتجربے کا حسین امتزاج ہے اور وزیراعظم پاکستان کا آپ سب کیلئے یہی پیغام ہے کہ آپ عوام کی خدمت میں حکومت کے دست و بازوبنیں ، ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز لوکل باڈیز لیڈر شپ کنونشن سے خطاب کر تے ہو ئے کیا،اس موقع پروزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف،ممبر قومی اسمبلی و رہنما مسلم لیگ حمزہ شہباز، صوبائی وزراء اور پنجاب بھر کے کارپوریشنوںکے میئرز و ڈپٹی میئرز، ضلع کونسلوں کے چیئرمینز وائس چیئرمینز ، سیکر ٹری بلدیات اسلم کمبوہ، ایڈیشنل سیکرٹری شاہد زمان لک اور دیگر افسران موجود تھے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی ٰ کی ہدایت پر بلدیاتی اداروں کے فنڈز کو 16ارب روپے سے بڑھا کر44ارب روپے کر دیا گیا ہے،تمام بلدیاتی اداروں کا سپیشل آڈٹ تھرڈ پارٹی کمپنیوں کے ذریعے کروانے کے بارے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے تاکہ ہر سطح پرفنڈ استعمال بارے معلوم ہو سکے اور شفافیت کے فروغ کو یقینی بنا یا جا سکے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا کردار نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور بلدیاتی حکومتوں کے فعال ہونے سے عوام کو سروس ڈلیوری بہتر انداز میں ہو نا شروع ہو گئی ہے، جس سے عو ام کو درپیش مسائل مقامی سطح پر حل ہونے میں مدد ملنا شروع ہو گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار اور مالیاتی خودمختار بنا دیا گیا ہے، اب ہر موڑ پر ان کو فراہم کردہ اختیارات اور ذمہ داری وادائیگی بارے جوابدہ بھی ہو نا پڑے گا، اس نظام میں اب قطعی بیورو کریسی کی مداخلت نہ ہو گی، جزاء اور سزا کے ذریعے عوام کے سامنے جواب دینا ہو گا، انہوں نے کہا کہ صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ 2016 کے تحت بلدیاتی حکومتوںکو دیئے جانے والے وسائل میں خاطرخواہ اضافہ کیا گیا ہے،صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت بلدیاتی حکومتوں کو کثیر فنڈز مہیا کئے گئے ہیں، اس طرح گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں مالی برس ملنے والے فنڈز میں 44 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ ترقیاتی فنڈ کسی اور مد میں استعمال کرنے پر پابندی ہوگی اور یہ فنڈز صرف ترقیاتی مد میں ہی استعمال ہوں گے، جنوبی پنجاب اور پسماندہ اضلاع کی بلدیاتی حکومتوں کو پہلے سے زیادہ وسائل مہیا کئے گئے ہیں جبکہ شہری اور دیہی یونین کونسلوں کو یکساں فنڈز دیئے گئے ہیں، اس طرح شہری اور دیہی یونین کونسلوں میں فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے تفریق ختم کردی گئی ہے اور اس اقدام سے دیہی یونین کونسلوں کو بھی شہری یونین کونسلوں کے برابر فنڈز مل گئے ہیں، جو بلدیاتی حکومتیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی انہیں اضافی فنڈز بھی دیئے جائیں گے جبکہ فنڈز کے استعمال کے حوالے سے باقاعدہ آڈٹ کا میکانزم بھی تیار کر لیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں ضلع کی سطح پر امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے میئرز، چیئر مین ضلع کونسلز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی او ز ذمہ دار ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :