کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ،رانا مشہود

منگل 28 مارچ 2017 16:46

کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ،رانا مشہود
لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ، کیونکہ تعلیم ترقی کی بنیاد ہے ،وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے طالب علموں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کئے ہیں، یہ بات صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے ماہرین تعلیم کی10رکنی وفد سے اپنے دفتر میں ملاقا ت کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں، قومی تاریخ میں پہلی بار2007-2008کی نسبت 2016کے تعلیمی بجٹ میں 400فیصد سے زیادہ اضا فہ کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ صوبے میں میرٹ اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے، دوسری جانب حکومت نے تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات کا بیڑا اٹھا رکھا ہے،پنجاب انڈومنٹ فنڈ کے حجم میں خاطر خواہ اضافے کے ساتھ ساتھ طالب علمو ںمیں لیپ ٹاپس اور سولر لیمپس کی تقسیم،گارڈ آف آنر اور ہونہار طلبہ کو غیر ملکی مطالعاتی دوروں پر بھجوانے کے علاوہ ہر سطح پر ذہانت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور پنجاب حکومت قوم کے ہونہار طلبا ء و طالبات کی حوصلہ افزائی اسی طرح جاری رکھے گی۔