تاجرملکی معیشت کا پہیہ چلا نے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر

منگل 28 مارچ 2017 16:41

سرگودھا۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ تاجر معاشرے کا قابل احترام طبقہ ہے، جو ملکی معیشت کا پہیہ چلا نے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، تاجر اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ دیگر درجنوں خاندانوںکی کفالت کر رہے ہیں،شہر کی ترقی کسی ایک شخص کی کوششوں سے ممکن نہیں ہو سکتی ، جب تک ہر شخص بالخصوص معززین شہر اپنا کردار اد ا نہیں کرتے، شہر یوں کو چاہیے کہ وہ اپنے شہر کے بارے میں بے حسی کی بجائے شہر کی بہتری کیلئے آنکھیں کھول کر رکھیں ، اگر کہیں کوئی بے ضابطگی نظر آئے تو متعلقہ اداروں کے نوٹس میںلا کر صورت احوال کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران کچہری بازار کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں ایم پی اے عبدالزراق ڈھلوں ، ڈاکٹر نادیہ عزیز ،صدر انجمن تاجران خواجہ احمد حنیف اور چوہدری عبدالرشید کے علاوہ دیگر معززین میں میاں عبدالجبار ،طارق طور،ارشد متو،مختار مرزا ،چوہدری لیاقت وڑائچ ، مرزا عبدالسلام ،تبریز گل، عرفان اللہ ثنائی ،محمد سعید کوہلی،چوہدری محمد ندیم، محمد عثمان اور میاں طاہر کے علاوہ دیگر تاجر برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجروں کے ٹیکسوں سے ملک میں ترقیاتی سکیموں پر فنڈز خرچ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کیلئے شہریوں کو اپنے اندر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔میری کوشش ہے کہ میں لوگوں کی توقعات پر پورا اتروں ۔ ترقیاتی کاموں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کا عزم رکھتا ہوں،تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہسپتالوںمیں ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا چکا ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن بازاروں سے تجاوزت کے خاتمہ کیلئے ان بازاروں کی تنظیموںکو اعتماد میں لیکر آپریشن شروع کرے گی، اس موقع پر عبدالغفار اور جنرل سیکریٹری مرزا عادل بیک کے علاوہ سینئر نائب صدر محمد ذیشان خالق ،نائب صدر احمد فاروق ، جائنٹ سیکریٹری بلال احمد اور خزانچی انور نے حلف اٹھایا ۔