عبوری طور پر معطل ہونے والے قومی کرکٹر خالد لطیف 31 مارچ کو پی سی بی کے تین رکنی ٹربیونل کے روبرو پیش ہوں گے

منگل 28 مارچ 2017 16:00

عبوری طور پر معطل ہونے والے قومی کرکٹر خالد لطیف 31 مارچ کو پی سی بی کے ..
لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ معاملہ میں عبوری طور پر معطل ہونے والے قومی کرکٹر خالد لطیف 31 مارچ کو سپاٹ فکسنگ کے کیس کی سماعت کرنے والے پی سی بی کے تین رکنی ٹربیونل کے روبرو پیش ہوں گے ۔ خالد لطیف، شرجیل خان اور پی سی بی حکام کو گزشتہ ہفتے ٹربیونل کے روبرو طلب کیا گیا تھا۔ شرجیل خان اور پی سی بی کے قانونی مشیر تو پیش ہوگئے تھے لیکن خالد لطیف بیمار ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہوئے تھے اور انہوں نے ایک ہفتے کی مہلت طلب کی تھی جس کے باعث ٹربیونل نے ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں 31 مارچ کو دوبارہ طلب کیا تھا۔

سپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کیلئے جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سر براہی میں ایک ٹریبونل قائم کیا گیا ہے جس کے ارکان میں سابق چیئرمین پی سی بی جنرل (ر) توقیر ضیا اور سابق کپتان و منیجر وسیم باری بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن یونٹ 14 اپریل کو کرکٹرز پر لگائے گئے الزامات کی تفصیل اور شواہد پیش کرے گا۔ پی سی بی کو شواہد پیش کرنے کیلئے وقت اس لئے دیا گیا ہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو برطانیہ جا کر متعلقہ حکام اور ناصر جمشید سے بات چیت کا موقع ملے سکے جس سے کیس میں مزید مدد مل سکے ۔

شرجیل خان 5 مئی کو ٹربیونل کے روبرو دوبارہ پیش ہوں گے اور اپنا جواب جمع کروائیں گے اور کرکٹرز کی جانب سے الزامات سے انکار پر پی سی بی اپنے موقف کے حق میں دلائل دے گا۔ کیس کی فائنل سماعت کا سلسلہ روازنہ کی بنیاد پر 15مئی سے شروع ہوگا۔