وزارت امور کشمیر اور واپڈا متاثرین منگلا ڈیم کی بحالی آباد کاری کے وعدوں کو پورا کریں‘ سردار رشید جمال

منگل 28 مارچ 2017 15:15

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2017ء) ممبرمرکزی مجلس عاملہ پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر ، سیکرٹری جنرل منگلا ڈیم توسیع رابطہ کمیٹی متاثرین سردار رشید جمال نے کہا ہے کہ وزارت امور کشمیر اور واپڈا متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبہ جات کی بحالی آباد کاری پر وعدوں کے مطابق عملدرآمد کروائیں متاثرین منگلا ڈیم نے مملکت خداداد پاکستان کے وسیع تر مفاد میں 2بار قربانی کی لازوال تاریخ رقم کی ہے متاثرین منگلا ڈیم کے ہزاروں ذیلی کنبہ جات گزشتہ کئی سالوں سے در بدراور بے گھر ہیں متاثرین کے نام پر سیاست کرنے والوںکی بے حسی اور متاثرین کے مسائل پر مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے متاثرین منگلا ڈیم ایسے خود غرض مفاد پرستوں اور متاثرین دشمن نام نہاد خود ساختہ لیڈروں کا گلی کوچوں اور ہر فورم پر محاسبہ کرینگے اپنا حق حاصل کرنے کیلئے تمام متاثرین دوست قوتیں ایک پیج پے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کے بجائے ذمہ دار ادارے تاخیری حربے اور طفل تسلیاں دے کر متاثرین کا استحصال کرنا چاہتے ہیں میرپور کے غیور اور باشعور عوام نے پاکستان کی وحدت اور سلامتی کیلئے ناگزیر منگلا ڈیم توسیع منصوبہ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ کشمیری قوم پاکستانیوں سے بڑے پاکستانی ہیں کشمیری ہر لمحہ پاکستان پر قربان ہونے کو تیار ہیں آر پار کے کشمیریوں کی تاریخ گواہ ہے کہ تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تحفظ پاکستان کیلئے لاکھوں سروں کے نذرانے دے کر اپنے روحانی رشتہ کو قائم رکھا ہے وادی کے اند رکشمیری حریت پسندوں نے ہر روز اپنے لہو سے تحریک کو ایک نئی جدت بخشی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری امیدوں کا مرکز اور روحانی کعبہ ہے بعض نادیدہ قوتیں اپنا الو سیدھا کرنے کیلئے ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی مذموم سوچ رکھتی ہیں ۔ جسے سابق حکومت نے اپنے اقتدار کو طوالت دینے کیلئے عید کے دن متاثرین کے گھروں میں پانی چھوڑ کر ناصرف سودے بازی کی بلکہ متاثرین کو باعزت اور باوقار آباد کرنے کے بجائے متاثرین کی قربانیوں کو سوالیہ نشان بنا دیا ۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کے وزیراعظم اور وفاقی وزراء نے میرپور کے ضمنی الیکشن اور بعد میں جنرل الیکشن میں انتخابی مہم کے دوران متاثرین منگلا ڈیم سے جو وعدے کیے متاثرین ان وعدوں کی تکمیل چاہتے ہیں ۔ نیوسٹی سمیت میرپور کے تمام سیکٹرز میں سوئی گیس کی فراہمی ذیلی کنبہ جات کی آباد کاری اور متاثرین منگلا ڈیم کے بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی وفاقی حکومت اور متاثرین منگلا ڈیم کے ذمہ داروں کی ذمہ داری ہے ۔

پاکستان کے اندر روزانہ کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبہ جات زیر تکمیل ہیں لیکن ستم ظریفی ہے کہ پاکستان کو سر سبز اور روشن کرنے والے متاثرین منگلا ڈیم کیلئے وفاقی حکومت گزشتہ 10سالوں میں 10ارب روپے نا دے سکی وزیراعظم پاکستان سے لیکر وزیراعظم آزادکشمیر اور وفاقی وزراء کے وعدوں کے منتظر متاثرین منگلا ڈیم کے ذیلی کنبہ جات کربناک زندگی بسر کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جمہوری نظام میںبعض مفاد پرستوں نے حق اور سچ کے بجائے جھوٹ اور خوشامدی سیاسی کلچرل کو فروغ دے کر عوام کے حق کو متاثر کیا ہے ۔ جس کے معاشرے میں بڑے خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ عوام کو ان کی بنیادی ضروریات بغیر کسی عذر اعتراض کے فراہم کی جائیں ۔ متاثرین منگلا ڈیم نے حب الوطنی اور ملکی وسیع تر مفاد میں قربانیاں دیں متاثرین کے حلقوں میں بے روزگاری سے بدترین معاشی بدحالی ہے ۔ واپڈا اور وزارت امور کشمیر متاثرین منگلا ڈیم کے تحفظات اور خدشات کو دور کر کے موجودہ بے چینی کا خاتمہ کرئے بصورت دیگر خرابی کی تمام تر ذمہ داری متاثرین منگلا ڈیم سے متعلقہ اداروں وزارت امور کشمیر اور واپڈا کی ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :