توانائی بحران کے باعث صنعتکاروں کو مقامی و عالمی منڈیوں کے آرڈرز کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر اربوں روپے کے نقصان کاخدشہ

منگل 28 مارچ 2017 15:12

فیصل آباد۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاہے کہ گیس و بجلی سمیت توانائی بحران کے باعث صنعتکاروں کو مقامی و عالمی منڈیوں کے آرڈرز کی بروقت تکمیل نہ ہونے پر اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے جبکہ عالمی منڈیوں میں وعدوں کے مطابق مصنوعات کی فراہمی میں تاخیر سے وطن عزیز کے وقار اور برآمد کنندگان کی ساکھ کو بھی شدید دھچکالگ رہا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی درآمد کنندگان نے پاکستانی ایکسپورٹرز پر عدم اعتماد کااظہار کرتے ہوئے اربوں ڈالرز کے سودے دیگر ممالک کے برآمد کنندگا ن کے ساتھ طے کرنا شروع کر دیئے ہیں جس سے ملک کے قیمتی زرمبادلہ سے محروم ہونے کا شدید خدشہ پیداہوگیاہے، میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ گیس ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بنیادی خام مال کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے بغیر ٹیکسٹائل انڈسٹری بالکل بند ہو جاتی ہے جبکہ متبادل ذرائع سے مشینری اگر چلائی بھی جائے تو اس سے پیداواری لاگت کئی گنا بڑھ جاتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سردی کے موسم میں زیادہ ترگیس کی بندش کی وجہ سے انڈسٹری مکمل طور پر بند کرنا پڑی تھی اور صنعتکاروں کو لوکل اور بین الاقوامی منڈیوں کیلئے آرڈرز کی بروقت تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے اربوں کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ کئی غیر ملکی خریداروں نے آرڈرز بھی منسوخ کر دیئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ سیزن یعنی موسم گرما میں گیس کی ہفتے میں 7 روز فراہمی یقینی بنائی جائیگی کیونکہ گھریلو صارفین گیس کا استعمال تقریباً بند کردیتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بھرپور پیداواری گنجائش کے مطابق گیس نہ ملنے سے انڈسٹریل سیکٹر اپنی پوری پیداواری صلاحیت پر نہیں چل پا رہا اور ضرورت کے مطابق اشیاء کی بروقت تیاری بھی نا ممکن ہو چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :