کاشتکاروں کو کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 28 مارچ 2017 15:12

فیصل آباد۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو 15اپریل سے شروع ہونے والی بوائی کی مہم سمیت کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہم کے آغاز کافیصلہ کیا ہے ، اس سلسلہ میں فیصل آباد ، سرگودھا ، میانوالی ، ملتان ، بہاولپور، لاہور سمیت پنجاب کے تمام ریڈیو سٹیشنز سے بھی کسان بھائیوں کیلئے خصوصی پروگرامز نشر کیے جائیں گے جن میں انہیں کپاس کی کاشت اور پیداواری ٹیکنالوجی سمیت دیگر اہم امور سے روشناس کروایاجائیگا، محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ ماہرین زراعت اور زرعی سائنسدان کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوئوں کے پیش نظر نئی سفارشات بارے آگاہی فراہم کر رہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت میں کسی قسم کی مشکل یاپریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ کاشتکاروں کو کپاس کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے ذرخیز میرازمین کاانتخاب کرتے ہوئے کھیت کو ہموار اور زمین کو نرم و بھربھراکرناچاہیے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار 15اپریل سے کپاس کی بی ٹی اقسام علی اکبر 703، 30اپریل تک نیلم 121 ، 15مئی تک ستارہ 008، ایم جی 6،آئی آر3701، علی اکبر 802، جی این ہائبرڈ 2085، آئی آر 1524وغیرہ کاشت کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار بی ٹی اقسام کے ساتھ ساتھ کم از کم 10فیصد رقبہ پر نان بی ٹی اقسا م بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوت مدافعت پیدا نہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :